جنگ نیوز
نئی دہلی/وزیر اعظم نریندر مودی کی 76ویں سالگرہ پر ملک بھر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ بی جے پی نے خون کے عطیہ کیمپ، مندروں میں دعائیہ پروگرام، چراغاں اور عوامی شمولیت کی سرگرمیوں کا اہتمام کیا۔
وزیر اعظم کی عوامی خدمت کے 25 سال مکمل ہونے پر این ڈی اے سے وابستہ وزرائے اعلیٰ نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا اور انہیں ’’نئے بھارت کا معمار‘‘ قرار دیا۔
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے وارانسی میں ’سیوا سنکلپ ابھیان‘ کا آغاز کیا، جبکہ آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما اور آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو نے بھی نریندر مودی کی قیادت اور خدمات کو سراہا۔
گجرات کے وڈ نگر، جو نریندر مودی کی جائے پیدائش ہے، میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے سالگرہ کے موقع پر وارانسی کے لئے موٹر سائیکل ریلی کو روانہ کیا۔ وارانسی میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور یوگی آدتیہ ناتھ کی موجودگی میں وڈ نگر کے لئے ریلی نکالی گئی۔
مدھیہ پردیش کے اجین میں کشیپرا ندی کے کنارے 25 لاکھ سے زائد دیے روشن کیے گئے۔ بی جے پی صدر نتن نابین اور وزیر اعلیٰ موہن یادو نے چراغاں میں حصہ لیا۔ غیر این ڈی اے ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ نے بھی نریندر مودی کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (BJP) کے جموں و کشمیر یونٹ نے وزیراعظم نریندر مودی کی 76ویں سالگرہ کے موقع پر سری نگر کے تاریخی لال چوک کلاک ٹاور پر ’آشیرواد کا دیا‘ پروگرام منعقد کیا، جس میں پارٹی کارکنوں اور حامیوں نے دیے اور موم بتیاں روشن کیں۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ’پلاش‘، ’پریشا‘ ہوم اور چلڈرن ہسپتال بمنہ میں وزیراعظم مودی کی سالگرہ منائی
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے وزیراعظم نریندر مودی کی سالگرہ کے موقع پر سری نگر کے ’پلاش‘ اور ’پریشا‘ چلڈرن ہومز کا دورہ کیا اور زیر کفالت بچوں کے ساتھ وقت گزارا۔ انہوں نے بچوں میں اسکول بیگ، اسپورٹس کٹس اور مٹھائیاں تقسیم کیں جبکہ رہائشی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔
بعد ازاں لیفٹیننٹ گورنر نے چلڈرن ہسپتال بمنہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زیر علاج بچوں سے ملاقات کرکے ان کی خیریت دریافت کی، تحائف تقسیم کیے اور ان کی مکمل و جلد صحتیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
یہ دورہ ’سیوا سنکلپ ابھیان‘ کے تحت منعقدہ سرگرمیوں کا حصہ تھا، جو وزیراعظم کی سالگرہ کے موقع پر شروع ہونے والی ایک ماہ طویل خدمت اور عوامی رابطہ مہم ہے۔
منوج سنہا نے بتایا کہ مہم کے تحت 17 اکتوبر تک 12 پروگرام منعقد ہوں گے، جن میں ’میرے سپنوں کا بھارت‘ کے موضوع پر طلبہ کے مقابلے، آنگن واڑی اور آشا کارکنوں کی حوصلہ افزائی، شجرکاری، نوجوانوں کی سرگرمیاں اور ’سیوا سیتو ابھیان‘ کے تحت رجسٹریشن کیمپ شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاک اور وارڈ سطح پر کیمپ لگا کر پسماندہ مستفیدین کو مختلف سرکاری اسکیموں سے جوڑا جائے گا اور جموں و کشمیر کے شہریوں سے اس مہم میں بھرپور شرکت کی اپیل کی۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی سالگرہ پر جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ حد بندی اور انتخابات کے بعد ریاستی درجہ بحال کرنے کی زبانی یقین دہانی پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ میں بھی کرائی گئی تھی، تاہم اب تک اس پر عمل نہیں ہوا۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر نے حد بندی اور انتخابات کے مراحل مکمل کرلئے ہیں، اس لئے اب ریاستی درجہ بحال کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے لداخ کے نمائندوں کو بھی زبانی یقین دہانی کے بجائے معاملات تحریری طور پر حاصل کرنے کا مشورہ دیا۔


