جنگ نیوز ڈیسک
سرینگر: پولیس نے اپر برجّی،ہارون کے رہائشی شیر علی میر ولد غلام حسن میر کے خلاف محکمہ مال کے ایک سرکاری اہلکار پر بدعنوانی کے الزامات سے متعلق ویڈیو بنانے اور اسے سوشل میڈیا پر پھیلانے کے الزام میں FIR درج کی ہے۔ مذکورہ ویڈیو بعد ازاں مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہوگئی۔
حکام کے مطابق FIR نمبر 0046، مورخہ 15 ستمبر 2026ء تھانہ ہا رون میں بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) کی دفعہ 132 کے تحت درج کی گئی ہے۔ حکام نے بتایا کہ FIR درج ہونے کے بعد سے ملزم مبینہ طور پر فرار ہے۔
متعلقہ محکمہ مال کے اہلکار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور خود کو نیوز آؤٹ لیٹس کے طور پر پیش کرنے والے فیس بک صفحات کو بھی خبردار کیا ہے کہ ویڈیو کو ان کا مؤقف لئے بغیر یا اس میں عائد الزامات کی آزادانہ تصدیق کیے بغیر نشر یا شیئر نہ کیا جائے۔
اہلکار کا کہنا ہے کہ غیر مصدقہ اور یک طرفہ ویڈیو کی بے روک ٹوک تشہیر سے ایک سرکاری ملازم کی عزت، ساکھ اور ذاتی سلامتی متاثر ہوسکتی ہے، بالخصوص اس وقت جب بدعنوانی کے الزامات کو عوام کے سامنے ثابت شدہ حقائق کے طور پر پیش کیا جائے۔


