جنگ نیوز
گاندربل/مرکزی ریزرو پولیس فورس (CRPF) کے ڈائریکٹر جنرل نے پیر کو وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے گنڈ علاقے میں واقع 118 بٹالین CRPF کیمپ کا دورہ کرکے امرناتھ یاترا 2026 کے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا اور یاترا کے محفوظ اور پُرامن انعقاد میں فورس کے اہلکاروں کے کردار کو سراہا۔
ڈی جی نے یاتریوں کی حفاظت اور خطے میں امن و سلامتی برقرار رکھنے کے لئے اہلکاروں کی فرض شناسی، چوکس رہنے اور پیشہ ورانہ عزم کی تعریف کی۔ انہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کو ڈائریکٹر جنرل ڈسکس اور تعریفی اسناد سے بھی نوازا۔
اس موقع پر ڈی جی نے جوانوں اور افسران کے ساتھ سینک سمیلن منعقد کیا اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے فلاحی اور عملی امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے جموں و کشمیر میں تعینات CRPF یونٹوں کی عملی صلاحیت مزید بہتر بنانے کے لئے تجاویز بھی پیش کیں۔
انہوں نے دیگر حفاظتی دستوں کے ساتھ CRPF اہلکاروں کی زمینی سطح پر کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی مسلسل محنت سے جموں و کشمیر میں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔
ڈی جی نے اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ مکمل چوکس رہیں، ہر وقت کارروائی کے لئے تیار رہیں اور نظم و ضبط و لگن کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں۔
دورے کے دوران راجیش کمار، ADG جموں و کشمیر زون؛ گیانیندر کمار ورما، IG آپریشنز ڈائریکٹوریٹ؛ ونیٹ برج لال، IG کشمیر آپریشنز سیکٹر؛ پون کمار شرما، IG سری نگر سیکٹر CRPF اور فورس کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔


