جنگ نیوز ڈیسک
قم/اسلامی جمہوریہ ایران: متبرک ایامِ میلاد النبی ﷺ اور ہفتۂ وحدت کے موقع پر قم المقدسہ میں جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے نوجوان دینی طالب علم آغا سید کرار ہاشمی کی عمامہ گذاری کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
حوزۂ علمیہ قم کے معروف عالم اور خطیب حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر ناصر رفیعی نے دس سالہ علمی و دینی سفر کی تکمیل پر مجتمع عالی آموزش امام خمینیؒ میں آغا سید کرار ہاشمی کو لباسِ روحانیت سے سرفراز کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ناصر رفیعی نے کہا کہ عمامہ محض ایک دستار نہیں بلکہ آئمۂ طاہرینؑ کی سنت اور دینی و سماجی ذمہ داریوں کی علامت ہے۔ انہوں نے طلابِ علوم دینیہ پر زور دیا کہ وہ علم، بیداری اور انسانیت کی خدمت کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔
واضح رہے کہ آغا سید کرار ہاشمی گزشتہ دس برس سے قم المقدسہ میں جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ میں زیرِ تعلیم ہیں اور اپنی ماسٹرز تھیسس معروف ہندوستانی عالم دین مرحوم حجت الاسلام والمسلمین سید کلب صادق کی دینی، علمی اور سماجی خدمات پر تحریر کر رہے ہیں۔


