عادل سلام
جنگ نیوز
سرینگر/ تیرہ برس کے طویل تعطل کے بعد جموں و کشمیر کے جنگلاتی افسران کے لئے انڈین فارسٹ سروس (IFS) میں ترقی کے ذریعے شمولیت کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ MoEF&CC نے AGMUT کیڈر کے جموں و کشمیر حصے کے لئے ترقیاتی کوٹے کے تحت 28 آسامیوں کا تعین کرتے ہوئے یو ٹی حکومت کو UPSC کے پاس سلیکشن کمیٹی اجلاس بلانے کی تجویز بھیجنے کی ہدایت دی ہے۔
وزارت کے مکتوب کے مطابق 2013 کی سلیکٹ لسٹ کے لئے 14، سال 2017 کے لئے 2، 2018 کے لئے 6، 2019 کے لئے 3 جبکہ 2020، 2021 اور 2023 کے لئے ایک، ایک آسامی مختص کی گئی ہے۔
وزارت نے یو ٹی حکومت سے کہا ہے کہ انڈین فارسٹ سروس (اپائنٹمنٹ بائے پروموشن) ریگولیشنز، 1966 کے مطابق کارروائی مکمل کرتے ہوئے UPSC کو تجویز ارسال کی جائے تاکہ متعلقہ برسوں کی سلیکٹ لسٹیں تیار کرنے کے لئے سلیکشن کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ 13 برس سے جموں و کشمیر میں IFS میں ترقی کے ذریعے تقرریاں اس لئے رکی ہوئی تھیں کہ کوئی تسلیم شدہ State Forest Service موجود نہیں تھی۔ وزارت نے جائزہ لینے کے بعد قرار دیا کہ صرف جموں و کشمیر فارسٹ (گزیٹڈ) سروس (ٹیریٹوریل) ہی بھرتی، تربیت اور دیگر مقررہ معیارات پر پورا اترتی ہے، جس کے بعد اب مقامی افسران کی IFS میں شمولیت کی راہ صاف ہوگئی ہے۔


