جنگ نیوز ڈیسک
سرینگر، 6 اگست: ڈپٹی کمشنر سرینگر اکشے لابرو نے چنار بک فیسٹیول کی کامیاب اور منظم انعقاد میں نمایاں خدمات انجام دینے والے قومی کتاب ٹرسٹ، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور مختلف محکموں کے افسران و اہلکاروں کو تہنیتی اسناد پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔
اس موقع پر قومی کتاب ٹرسٹ کے ڈائریکٹر یوراج ملک، چیف کنوینر امیت ونچو، کوآرڈی نیٹر شوبھا کپور سمیت مختلف محکموں کے افسران کو شاندار تعاون، مؤثر رابطہ کاری اور ذمہ دارانہ خدمات کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا گیا۔ تقریب میں ایس ایس پی ٹریفک اعجاز احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ چنار بک فیسٹیول کی کامیابی مختلف محکموں کے باہمی تعاون، مربوط منصوبہ بندی اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ادبی پروگرام نوجوانوں خصوصاً طلبہ میں مطالعے کے ذوق، تخلیقی صلاحیتوں اور فکری شعور کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ افسران نے بھی اعزاز پر ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آئندہ بھی اسی جذبے سے خدمات انجام دینے کے عزم کا اظہار کیا۔


