اننت ناگ:
جموں سرینگر قومی شاہراہ مسلسل بارش، لینڈ سلائیڈنگ اور مختلف مقامات پر پتھر گرنے کے باعث تین روز تک بند رہنے کے بعد جزوی طور پر ٹریفک کے لیے بحال کر دی گئی ہے۔ ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹرز کے مطابق سڑک سے ملبہ ہٹانے کے بعد فی الحال محدود ٹریفک کو دونوں اطراف سے چلنے کی اجازت دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق امرناتھ یاترا کے قافلے، ہلکی موٹر گاڑیاں، مسافر بردار اور نجی گاڑیاں جموں اور سرینگر دونوں اطراف سے چلنے کی اجازت ہوگی ، جبکہ بھاری مال بردار گاڑیوں کو متبادل دنوں میں چلنے کی اجازت ہوگی۔
نگروٹہ سے سرینگر جانے والی گاڑیوں کو صبح 7 بجے سے دوپہر 12 بجے تک، جکھینی ادھم پور سے صبح 8 بجے سے دوپہر ایک بجے تک جبکہ قاضی گنڈ سے جموں جانے والی گاڑیوں کو صبح 11:30 بجے سے شام 5:30 بجے تک سفر کی اجازت ہوگی۔ مقررہ اوقات سے پہلے یا بعد کسی بھی گاڑی کو شاہراہ پر چلنے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ بھاری گاڑیوں کی آمدورفت موسم اور سڑک کی حالت سے مشروط رہے گی اور شام 7 بجے کے بعد کسی بھی بھاری گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
شری امرناتھ یاترا کے پیش نظر انتظامیہ نے ہدایت دی ہے کہ خالی پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی ٹینکر، خالی ایل پی جی سلنڈر لے جانے والے ٹرک اور ایف سی آئی کی خالی گاڑیاں واپسی پر صرف مغل روڈ استعمال کریں گی۔ اسی طرح دس ٹائروں تک کی خراب ہونے والی اشیاء لے جانے والی گاڑیوں کو بھی مخصوص دنوں میں مغل روڈ استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔


