بلال بشیر بٹ
سرینگر جنگ
سرینگر: چنار بک فیسٹیول کا تیسرا ایڈیشن 18 جولائی سے 26 جولائی تک سرینگر میں منعقد ہوگا، جس میں ملک بھر سے تقریباً 200 ناشرین، 250 سے زائد بک اسٹالز اور 800 سے زیادہ ادیب، شاعر، فنکار، دانشور اور مفکرین شرکت کریں گے۔
سرینگر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے NBT کے ڈائریکٹر میجر یوراج ملک نے کہا کہ چنار بک فیسٹیول اب ایک سالانہ کیلنڈر ایونٹ کی حیثیت اختیار کر چکا ہے، جو مطالعے کے فروغ، ادبی مکالمے اور ثقافتی تبادلے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیسٹیول میں مختلف زبانوں کی کتابیں نمائش کے لیے رکھی جائیں گی، جبکہ متعدد ادبی، ثقافتی اور فکری پروگرام بھی منعقد ہوں گے۔
NCPUL کے ڈائریکٹر شمس اقبال نے بتایا کہ فیسٹیول کے دوران ایک شاندار مشاعرہ بھی منعقد ہوگا، جس میں ملک کے نامور شعراء شرکت کریں گے۔
منتظمین نے بتایا کہ اس بار بچوں کے لیے خصوصی سرگرمیوں پر غیر معمولی توجہ دی گئی ہے تاکہ نئی نسل میں مطالعے کا ذوق اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دیا جا سکے۔
پریس کانفرنس سے فیسٹیول کے کنوینر ڈاکٹر امیت وانچو نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر Press Information Bureau کے اعلی افسر ماجد پنڈت، جبکہ NBT کی جانب سے محترمہ شوبھا کپور اور ڈاکٹر لیاقت رضا بھی موجود تھے۔
منتظمین نے واضح کیا کہ 18 سے 26 جولائی تک جاری رہنے والا یہ فیسٹیول عوام کے لیے مکمل طور پر مفت ہوگا اور اس میں داخلے کے لیے کسی ٹکٹ کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اس سے قبل ڈپٹی کمشنر سرینگر اکشے لابرو نے شکارا ریلی کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا، جس کے ساتھ چنار بک فیسٹیول کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہوا۔


