جنگ نیوز ڈیسک
سری نگر، 22 جون: کشمیر چیمپئنز فٹبال لیگ (KCFL) 2026 کے پہلے ایڈیشن نے وادی میں فٹبال کا نیا جوش پیدا کر دیا ہے۔ 16 جون سے جاری لیگ کے ابتدائی 10 میچوں میں سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے جبکہ TRC ٹرف گراؤنڈ میں شائقین کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔
جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ لیگ میں کشمیر کے تمام اضلاع کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جس سے مقامی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملا ہے۔ 21 جون کو مقامی شائقین کے ساتھ سیاحوں نے بھی میچوں سے لطف اٹھایا۔
اسپورٹس کونسل کے مطابق یہ ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا سرکاری اقدام ہے، جس میں ضلعی سطح پر کھلاڑیوں کی نشاندہی کرکے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ لیگ نوجوان فٹبالرز کو ابھرنے اور مقامی ٹیلنٹ کو فروغ دینے کا اہم پلیٹ فارم بن کر سامنے آ رہی
ہے۔


