جنگ نیوز
امرناتھ یاترا 2026 کے محفوظ انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے بھارتی فوج نے ‘آپریشن شِو 2026’ کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں شمالی فوجی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے بالتل اور کیلو فورس کے اگلے علاقوں کا دورہ کرکے سکیورٹی صورتحال اور فوجی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
فوجی ترجمان کے مطابق آرمی کمانڈر کو علاقے میں سکیورٹی انتظامات، نگرانی کے اقدامات اور آپریشنل تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر 15 کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل بلبیر سنگھ بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور مسلسل چوکسی، مؤثر رابطہ کاری اور مشن پر مبنی حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے آئندہ یاترا کے دوران زائرین کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔
فوج نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی تال میل کے ذریعے یاتریوں کو محفوظ اور پُرامن ماحول فراہم کیا جائے گا۔


