نئی دہلی
دہلی میں آتشزدگی کے واقعات میں کمی کے آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔ اس طرح کے تازہ ترین واقعے میں تغلق آباد میں ایک کثیر المنزلہ عمارت میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہو گئے۔ فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ریسکیو کیے گئے آٹھ افراد کو مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ ایمس ٹراما سینٹر کے برن اینڈ پلاسٹک سرجری وارڈ میں داخل ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ دریں اثنا، صفدر جنگ اسپتال کے برن وارڈ میں داخل پانچ خواتین میں سے دو کو ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا، جب کہ باقی تین کا علاج جاری ہے۔
فائر ڈیپارٹمنٹ کو جمعرات کی صبح تقریباً 2:25 بجے پانچ منزلہ عمارت میں آگ لگنے کی کال موصول ہوئی۔ دہلی فائر سروس نے فوری طور پر تین پانی کے ٹینڈر، دو واٹر باؤزر، ایک سانس لینے میں مدد دینے والا یونٹ، اور ایک کوئیک ریسپانس وہیکل (کیو آر وی) جائے وقوعہ پر روانہ کیا۔ ریسکیو ٹیم نے ایک تنگ گلی میں واقع عمارت سے لوگوں کو نکال کر اسپتال پہنچایا۔ تحقیقات سے پتہ چلا کہ آگ عمارت میں کھڑی گاڑیوں میں لگی جس سے دھواں پورے ڈھانچے میں پھیل گیا اور مکین اندر پھنس گیے۔ فائر ڈپارٹمنٹ نے صبح 3:45 بجے تک آگ پر قابو پالیا اور آپریشن صبح 4:00 بجے ختم ہونے کا اعلان کیا۔آگ نے گراؤنڈ فلور، پہلی اور دوسری منزل کو لپیٹ میں لے لیا، جب کہ تیسری سے پانچویں منزل کو جزوی نقصان پہنچا۔ ریسکیو آپریشن کے دوران، دہلی فائر سروس کے اہلکار چھت پر پہنچے، ٹیرس گیٹ کا تالا کاٹ کر اندر داخل ہوئے۔ فی الحال مزید کارروائی جاری ہے۔


