جنگ نیوز ڈیسک
نئی دہلی: عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر ہندی بھون، نئی دہلی میں "ہندی اردو ادبی سنگم” کے زیر اہتمام ماحولیات اعزاز تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا مقصد گنگا جمُنی تہذیب کے فروغ اور ماحولیاتی شعور کو اجاگر کرنا تھا۔
اس موقع پر ادارے کے سربراہ ڈاکٹر سید علی اختر نقوی کی ادارت میں شائع ہونے والی کتاب "ہمارا ماحول اور آپ کی صحت” اور جھارکھنڈ کی مصنفہ و یوگا ٹیچر گیتا رانی کی کتاب "یوگنی” کی رسمِ اجرا بھی انجام دی گئی۔
تقریب کی مہمانِ خصوصی معروف ہندی ادیبہ ڈاکٹر سویتا چڈھا تھیں، جبکہ دیگر معزز مہمانوں میں ڈاکٹر انجو کواترا، ڈاکٹر انجو اگروال، ڈاکٹر کلپنا پانڈے، ڈاکٹر شمبو پاور اور ممتا سنگھ شامل تھے۔ ملک بھر سے ادب، تعلیم، ماحولیات، سماجی خدمت اور فنونِ لطیفہ سے وابستہ متعدد شخصیات نے بھی شرکت کی۔
تقریب کے دوران سینئر صحافی، مصنف اور ماحولیات دان گنیندر راؤت اور ماہرِ ماحولیات و مصنف ڈاکٹر پراشنّت سنہا کو ماحولیاتی تحفظ اور عوامی بیداری کے میدان میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں شال، پٹکا اور تمغۂ اعترافی پیش کرتے ہوئے "ادبی سنگم ماحولیات اعزاز” سے نوازا گیا۔


