کولمبو: سری لنکا کے ضلع کالوتارا میں واقع ایک بزرگوں کے نگہداشت مرکز (اولڈ ایج ہوم) میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد ہلاک جبکہ 7 دیگر زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ بدھ کی شام تقریباً ساڑھے پانچ بجے انگوروواٹوٹا کے علاقے میں واقع ’’ماوپیا سیوانا ایلدری کیئر ہوم‘‘ میں پیش آیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ آگ لگنے کے بعد امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کی گئیں، تاہم 10 افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک اور بزرگ ہورانا بیس اسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ گیا۔ حادثے کے وقت نگہداشت مرکز میں مقیم 51 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا، جبکہ 7 زخمی افراد اب بھی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
مقامی افراد، پولیس اور امدادی ٹیموں نے مشترکہ کوششوں سے آگ پر قابو پایا۔ ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا کہ ممکنہ طور پر گیس سلنڈر دھماکے کے باعث آگ تیزی سے پھیلی، تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ واقعے کی اصل وجہ کا تعین ابھی نہیں ہو سکا اور مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
اس افسوسناک واقعے کے بعد ملک بھر میں غم و افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔ سری لنکن حکام نے واقعے کی مجسٹریٹ انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق محفوظ نکالے گئے بزرگوں کو عارضی طور پر قریبی اسکول میں منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ انہیں کسی محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔


