جنگ نیوز ڈیسک
جے کے بینک نے ڈیجیٹل جدت اور صارف دوست خدمات کے عزم کے تحت اپنی کریڈٹ کارڈ سیریز کو جدید خطوط پر ازسر نو متعارف کر دیا۔ اپ گریڈ شدہ کارڈز کی رونمائی ایم ڈی و سی ای او امیتاوا چٹرجی نے جموں ڈویژنل آفس میں کی۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر سدھیر گپتا، سی جی ایم بزنس ڈیولپمنٹ سمیت دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے، جبکہ کارپوریٹ ہیڈکوارٹر سے افسران نے ورچوئل طور شرکت کی۔
نئی سیریز میں تین اقسام شامل ہیں: پلاٹینم، پلاٹینم پریولیج اور ایمننٹ، جو مختلف صارف طبقات، اخراجاتی رجحانات اور طرزِ زندگی کو مدنظر رکھ کر تیار کی گئی ہیں۔
ایم ڈی و سی ای او نے کہا کہ یہ اقدام جے کے بینک کو ملک گیر سطح پر ایک جدید ڈیجیٹل بینکنگ پارٹنر بنانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ ان کے مطابق کریڈٹ کارڈ اب محض ادائیگی کا ذریعہ نہیں بلکہ تجربات اور سہولیات تک رسائی کا وسیلہ بن چکے ہیں، اسی لیے نوجوان پیشہ ور افراد اور کاروباری طبقے کی ضروریات کو پیش نظر رکھا گیا ہے۔
ایمننٹ کارڈ پریمیم صارفین کے لیے متعارف کیا گیا ہے، جس میں مسابقتی فاریکس چارجز، لاؤنج رسائی، سفری و طرزِ زندگی مراعات اور تیز رفتار ریوارڈ پوائنٹس شامل ہیں۔ بیس پلاٹینم کارڈ خاندانی صارفین کے لیے متوازن سہولیات فراہم کرتا ہے، جبکہ پلاٹینم پریولیج کارڈ سرکاری ملازمین کے لیے بغیر جوائننگ اور سالانہ فیس کے متعدد فوائد کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
بینک حکام نے اس نئی سیریز کو صارفین کے بدلتے رجحانات سے ہم آہنگ قرار دیتے ہوئے متعلقہ شعبوں کو ہدایت دی کہ ان مصنوعات کی مؤثر تشہیر اور فروخت کو یقینی بنایا جائے۔


