جنگ نیوز ڈیسک
پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں آج ایک شاندار تقریب میں جنتا دل یونائیٹڈ کے سربراہ نتیش کمار نے دسویں مرتبہ وزیراعلیٰ بہار کا حلف اٹھایا۔ حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی خصوصی طور پر شریک ہوئے جس نے اس موقعے کو ایک غیر معمولی سیاسی اہمیت دے دی۔
تقریب میں مرکزی وزرا امیت شاہ، جے پی نڈا، چراغ پاسوان سمیت این ڈی اے کے کئی سینئر رہنما موجود تھے۔ بہار کے گورنر عارف محمد خان نے نتیش کمار کو حلف دلایا۔
اس موقع پر کل 27 وزرا نے بھی حلف اٹھایا جن میں بی جے پی کے سمرات چودھری، وجے کمار سنہا، دلیپ جیسوال، منگل پانڈے، نتن نوبن، رام کرپال یادو شامل ہیں۔ جے ڈی یو کے لیشی سنگھ، شراون کمار، بیجندر پرساد یادو، زماں خان، اشوک چودھری نے بھی وزارت کا قلمدان سنبھالا۔
حالیہ اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے نے بھاری اکثریت حاصل کی تھی اور 243 میں سے 202 نشستیں جیت کر حکومت تشکیل دی۔ بی جے پی نے 89 اور جے ڈی یو نے 85 نشستیں حاصل کیں۔
وزیر اعظم مودی نے نتیش کمار کو دسویں مدت کیلئے مبارکباد دیتے ہوئے انہیں تجربہ کار منتظم قرار دیا اور نئی کابینہ کو ایک مضبوط اور باصلاحیت ٹیم کہا جو بہار کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جائے گی۔


