جنگ نیوز ڈیسک
سرینگر/ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ (ڈی آئی پی آر) کشمیر نے جعلی صحافیوں اور میڈیا شناخت کے غلط استعمال کے بڑھتے واقعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے تمام ضلعی اطلاعاتی افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ سخت نگرانی رکھیں اور ایسے عناصر کے خلاف فوری کارروائی یقینی بنائیں۔
مشترکہ ڈائریکٹر اطلاعات سید شہنواز بخاری کی جانب سے جاری سرکاری حکمنامےجس کی کاپی روزنامہ سرینگر جنگ کے پاس ہے میں کہا گیا ہے کہ کچھ افراد بغیر کسی باضابطہ اجازت یا شناختی کارڈ کے خود کو صحافی ظاہر کر کے بلیک میلنگ، جبری وصولی اور سرکاری اداروں کے خلاف غلط معلومات پھیلا رہے ہیں۔
احکامات کے مطابق تمام ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ:
اپنے ضلع میں کام کرنے والے تصدیق شدہ اور باقاعدہ صحافیوں کی فہرست مرتب اور باقاعدگی سے اپڈیٹ کریں۔
پریس ریلیز اور سرکاری بیانات صرف تسلیم شدہ میڈیا اداروں کو فراہم کریں۔
ایسے افراد کی فوری اطلاع پولیس و ضلعی انتظامیہ کو دیں جو میڈیا کی آڑ میں بلیک میلنگ یا بدنامی کی کوشش کریں۔
تمام سرکاری دفاتر کو ہدایت دی جائے کہ کسی غیر مصدقہ شخص کو صحافی سمجھ کر معلومات یا سہولت نہ دی جائے۔
نوٹیفکیشن میں مقامی میڈیا اداروں کو بھی تاکید کی گئی ہے کہ وہ صرف مستند و قابلِ اعتبار نمائندے تعینات کریں، جعلی افراد سے لا تعلقی اختیار کریں اور صحافتی اخلاقیات پر سختی سے کاربند رہیں۔
ادھر پریس کلب کشمیر نےمحکمہ اطلاعات کے اس اقدام کو "قابلِ اعتماد صحافت کے تحفظ اور عوامی اداروں کے وقار” کے لیے ناگزیر قرار دیا ہے۔


