جنگ نیوز ڈیسک
سرینگر/کشمیر ورلڈ فلم فیسٹیول (کے ڈبلیو ایف ایف) کا پانچواں ایڈیشن یکم سے 7 نومبر 2025 تک ٹیگور ہال، سرینگر میں منعقد ہونے جا رہا ہے، جو ہندوستان اور دنیا بھر کے فلم سازوں، فنکاروں اور سنیما کے شائقین کو ایک ساتھ لائے گا۔ افتتاحی تقریب ہفتہ، یکم نومبر کو سہ پہر 3بجے منعقد ہوگی۔
موجودہ ایڈیشن کے لیے فیسٹیول کو 123 فلمیں موصول ہوئیں ہیں، جن میں سے 60 فلموں کا انتخاب کیا گیا ہے — 55 فلمیں مقابلے کے زمرے میں اور 5 غیر مقابلہ جاتی زمرے میں۔ بین الاقوامی سطح پر موصول ہونے والی فلموں میں بنگلہ دیش، مصر، جرمنی، ایران، نیپال، فلسطین، سری لنکا اور متحدہ عرب امارات کی فلمیں شامل ہیں۔ بھارتی فلمیں کشمیری، ڈوگری، آسامی، بنگالی، گجراتی، ہندی، لداخی، ملیالم، مراٹھی، اوڑیا، پہاڑی، پنجابی، تمل، تبتی اور اردو زبانوں میں موصول ہوئی ہیں۔
کے ڈبلیو ایف ایف کے پانچویں ایڈیشن میں بالی وْڈ کے معروف شخصیات بشمول رضا مراد، راجیت کپور، جیا تی بھاٹیا، ششی شر شرما، مدھر بھنڈارکر، للِت پریمْو، اور سْنت تندن بھی شرکت کریں گے۔ نانا پاٹیکر، عادل حسین، منوج جوشی، وجے راز، بھاگی شری، ودھو وِنوَد چوپڑا اور دیگر شخصیات کی شرکت کی تصدیق کا انتظار ہے۔ مقامی فلمی برادری سے بھی معروف کشمیری اور جموں سے تعلق رکھنے والے فنکار جیسے طارق جاوید، وحید جیلانی، میر سرور، امین بٹ، ڈاکٹر اسرار سلطانپوری اور گلزار گنائی بھی فیسٹیول میں موجود ہوں گے۔
فیسٹیول کے دوران بالی وْڈ کے نامور ہدایت کاروں اور اداکاروں کی جانب سے انٹرایکٹو سیشنز، فلم میکنگ ورکشاپس اور ماسٹر کلاسز کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ ابھرتے ہوئے فلم سازوں اور طلباء کو علاقائی اور بین الاقوامی سنیما کی باریکیوں سے روشناس کرایا جا سکے۔
اس سال کے ایڈیشن کی ایگزیکٹیو بورڈ میں ہمایوں قیصر، ڈاکٹر شاہد رسول، خیرالنسا شاہ اور ابھیجیت پاٹل شامل ہیں۔ منتظمین نے فیسٹیول کی کامیابی کے لیے مختلف محکموں اور تنظیموں کے مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا ہے۔
گزشتہ ایڈیشنز میں فیسٹیول کو 15 ممالک بشمول امریکہ، اٹلی، ایران، افغانستان، اور ترکی سے 460 سے زائد فلمیں موصول ہوئیں، ساتھ ہی بھارت کے مختلف حصوں سے بھی کئی زبانوں میں فلمیں بھیجی گئیں۔ اب تک 30 فلموں کو مختلف زمروں جیسے فیچر فلم، دستاویزی فلم، مختصر فلم، اینی میشن، اور طلباء کی فلموں میں ایوارڈز سے نوازا جا چکا ہے۔


