جنگ نیوز ڈیسک
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج یہ کہتے ہوئے اسلام آباد کو ایک سخت پیغام دیا کہ پاکستان میں اب ایسی کوئی جگہ نہیں ہے جہاں دہشت گرد چین کی سانس لے سکیں۔ انھوں نے کہا کہ بھارت میں دہشت گردوں کو اُن کے ٹھکانوں میں ختم کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ جناب مودی نے پنجاب میں فضائیہ کے آدم پور اسٹیشن پر فضائیہ کے جانبازوں اور اہلکاروں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات کہی۔
آپریشن سندور کی کامیابی کی ستائش کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے پاکستان میں دہشت گردوں کے 9 کیمپوں کو نیست ونابود کردیا اور 100 سے زیادہ دہشت گردوں کو ختم کردیا۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان فوج، جس پر یہ دہشت گرد انحصار کر رہے تھے، بھارتی مسلح افواج نے اُسے شکست دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے آقائوں کو اب یہ احساس ہوگیا ہے کہ بے قصور افراد کا خون بہانے کا صرف ایک نتیجہ ہوگا، ان کی بربادی اور اُنھیں جڑ سے ختم کرنا۔
وزیر اعظم نے آپریشن سندور کے دوران ملک کا تحفظ کرنے میں مسلح افواج کی ہمت، دلیری اور پیشہ ورانہ صلاحیت کی تعریف کی۔ انھوں نے اِس بات پر زور دیا کہ آپریشن سندور بھارت کی پالیسی، ارادے اور فیصلہ کرنے کی سہ رُخی صلاحیت کا ثبوت ہے۔ انھوں نے کہا کہ آپریشن سندور نے ملک کے حوصلے کو بلند کیا ہے، اتحاد کے تانے بانے کو مسحکم کیا ہے اور بھارت کی سرحدوں کا تحفظ کیا ہے۔
جناب مودی نے کہا کہ مسلح افواج نے ملک کے افتخار کو ایک نئی بلندی عطا کی ہے جو بے مثال، سوچ سے پرے اور غیرمعمولی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارتی فضائیہ نے پاکستان میں دہشت گردانہ کیمپوں کو نشانہ بنایا اور محض 20 سے 25 منٹ میں سرحد پار کے ٹھکانوں کو نیست ونابود کردیا۔ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس ایک پیشہ ورانہ فوج ہی یہ کامیابی حاصل کرسکتی ہے۔
‘‘آپریشن سندور کا ہر لمحہ ہندوستان کی مسلح افواج کی طاقت اور صلاحیت کا منھ بولتا ثبوت ہے’’، جناب مودی نے فوج، بحریہ اور فضائیہ کے درمیان غیر معمولی ہم آہنگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ہم آہنگی قابل ذکر ہے۔ انہوں نے سمندروں پر بحریہ کے تسلط، سرحدوں پر فوج کی مستعدی اور حملے اور دفاع میں ہندوستانی فضائیہ کے دوہرے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) اور دیگر سیکورٹی فورسز کی شاندار کارکردگی کی تعریف کی۔ انہوں نے ہندوستان کے مربوط فضائی اور زمینی جنگی نظام کی تاثیر کو اجاگر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اس سطح کی مشترکہ کارروائی اب ہندوستان کی فوجی صلاحیت کی ایک واضح خصوصیت بن چکی ہے۔


