جنگ نیوز
سرینگر/ وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے اتوار کو پولو گراؤنڈ سرینگر سے کشمیر میراتھن کے تیسرے ایڈیشن کو ہری جھنڈی دکھائی، جس میں جموں و کشمیر، ملک کی دیگر ریاستوں اور بیرونِ ملک سے 2 ہزار سے زائد دوڑنے والوں نے شرکت کی۔
میراتھن میں 42 کلومیٹر فل میراتھن اور 21 کلومیٹر ہاف میراتھن شامل تھیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ ایونٹ کھیلوں اور سیاحت کے فروغ کے ساتھ کشمیر کو عالمی سطح پر نمایاں کر رہا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اختتامی تقریب اور تقسیمِ انعامات سے خطاب کرتے ہوئے فاتحین کو مبارک باد دی اور مقامی کھلاڑیوں کو تربیت و رہنمائی فراہم کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ میراتھن نوجوانوں میں محنت، نظم و ضبط اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دیتی ہے۔
میراتھن کے لئے مجموعی طور پر17.3کروڑ روپے کی انعامی رقم مختص کی گئی تھی، جبکہ اوپن زمرے کے فاتح کے لئے 25 لاکھ روپے مقرر تھے۔ مقامی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے جموں و کشمیر کے رہائشیوں کا الگ زمرہ بھی رکھا گیا۔
منوج سنہا نے جموں و کشمیر پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بھی ستائش کی اور کہا کہ گزشتہ چھ برسوں کے دوران سازگار ماحول نے خطے میں بین الاقوامی سطح کے پروگراموں کے انعقاد میں مدد دی ہے۔
میراتھن کے لئے 1807 آن لائن رجسٹریشنز موصول ہوئیں، جن میں جموں و کشمیر سے 1221، ملک کی دیگر ریاستوں سے 513 اور 12 ممالک سے تعلق رکھنے والے 73 بین الاقوامی دوڑنے والے شامل تھے۔


