جنگ نیوز ڈیسک
سرینگر/ ڈویژنل کمشنر کشمیر انشول گرگ نے گریٹر سرینگر جامع سیوریج اسکیم کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے تمام زیرِ التوا کام ایک ماہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ یہ منصوبہ جواہر لعل نہرو قومی شہری تجدید مشن (JnNURM) کے تحت نافذ کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرینگر، محکمۂ شہری ماحولیاتی انجینئرنگ (UEED)، نیشنل بلڈنگز کنسٹرکشن کارپوریشن (NBCC) اور متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران نورباغ میں قائم 60 ایم ایل ڈی سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ (STP) کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ زیرِ التوا کاموں میں آؤٹ فال مقام پر ہائیڈرولک گیٹ کی تنصیب، پمپنگ اسٹیشنوں کے ٹرانسفارمروں کی ازسرِنو ترتیب، پلانٹ میں رساؤ کی مرمت اور ایگیٹیٹرز و ایریٹرز کی تجدید شامل ہیں۔
ڈویژنل کمشنر نے این بی سی سی کو ہدایت دی کہ تمام باقی ماندہ کام ایک ماہ میں مکمل کرکے منصوبہ محکمۂ شہری ماحولیاتی انجینئرنگ کے حوالے کیا جائے۔
انہوں نے متعلقہ ایگزیکٹو انجینئر کو ہفتے میں دو مرتبہ موقع کا معائنہ کرنے، محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ برقرار رکھنے اور مقررہ مدت میں کام مکمل کرانے کی بھی ہدایت دی۔


