جنگ نیوز
نئی دہلی/وزیرِ اعظم نریندر مودی نے وجے دشمی کے موقع پر ملک کے عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دسہرہ محض ایک تہوار نہیں بلکہ ہندوستان کی روحانی قوت اور نیکی کی بدی پر فتح کی علامت ہے۔
دہلی کے رام لیلا میدان میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ بھگوان رام کی زندگی سچائی، رحم، محبت، ہم آہنگی اور انصاف کی لازوال تعلیمات پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رام نے مشکلات کے باوجود کبھی اخلاقیات اور راست بازی کا دامن نہیں چھوڑا۔
وزیرِ اعظم نے رام راجیہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانی کا مقصد اقتدار کا اظہار نہیں بلکہ عوامی فلاح و بہبود، مساوات اور ہر شخص کو انصاف فراہم کرنا ہونا چاہیے۔ انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ غریبوں اور محروم طبقات کی خدمت کو اولین ترجیح دی جائے۔
مودی نے خود انحصاری اور عوامی شراکت داری کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اجتماعی کوشش، عزم اور دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال سے مشکل ترین اہداف بھی حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے ترقی یافتہ اور خود کفیل ہندوستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔
وزیرِ اعظم نے ہندوستانی ثقافتی ورثے کے تحفظ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 12 برسوں میں 650 سے زائد قدیم نوادرات اور مورتیاں واپس لائی گئی ہیں۔ انہوں نے دیوالی کو یونیسکو کے غیر مادی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کیے جانے کا بھی ذکر کیا۔
قومی اتحاد پر زور دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ ملک کے مفاد میں تمام اداروں اور سیاسی جماعتوں کو متحد ہوکر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قومی وقار کو نقصان پہنچانے، معاشرے میں تقسیم پیدا کرنے اور نفرت پھیلانے والی قوتوں کا مقابلہ کریں۔
خطاب کے اختتام پر وزیرِ اعظم نے جے سیا رام اور بھارت ماتا کی جے کے نعرے لگائے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ’’رام سے راشٹر اور دیو سے دیش‘‘ کے تصور کو حقیقت میں تبدیل کیا جائے گا۔


