سری نگر، ۱۲ اکتوبر:
محکمہ موسمیات (مےٹ سینٹر) سری نگر نے ۱۳ سے ۱۵ اکتوبر کے دوران جموں و کشمیر کے کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش، اونچے علاقوں میں ہلکی برف باری اور گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری کردہ موسم کی پیشگوئی کے مطابق، ۱۲ اکتوبر کو عام طور پر مطلع ابر آلود رہنے اور چند مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری ہو سکتی ہے۔
۱۳ سے ۱۵ اکتوبر کے دوران موسم عام طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جس میں کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ اونچے علاقوں میں ہلکی برف باری کا بھی امکان ہے۔
۱۶ اکتوبر کو موسم کے عام طور پر خشک رہنے کی توقع ہے، البتہ کچھ الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش کا مختصر سلسلہ ہو سکتا ہے۔ ۱۷ سے ۲۴ اکتوبر تک پورے جموں و کشمیر میں عام طور پر خشک موسم کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دریں اثنا، محکمہ موسمیات نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ۱۳ سے ۱۵ اکتوبر کے دوران متوقع موسمی سرگرمیوں کے پیش نظر اپنے کٹے ہوئے سیب، دھان اور دیگر فصلوں کو محفوظ جگہ پر ذخیرہ کرنے کا انتظام کریں۔
اس ایڈوائزری میں اہم پہاڑی گزرگاہوں، سڑکوں اور شاہراہوں پر گرج چمک، تیز ہواؤں اور ہلکی برف باری کے امکان سے بھی خبردار کیا گیا ہے۔


