جنگ نیوز ڈیسک
اونتی پورہ،/ اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (IUST) کے سات سائنس دان دنیا کے سرفہرست 2 فیصد سائنس دانوں کی 2026 کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔ یہ فہرست اسٹینفورڈ یونیورسٹی سے وابستہ محققین اور Elsevier نے Scopus کے حوالہ جاتی اعداد و شمار کی بنیاد پر جاری کی ہے۔
فہرست میں پروفیسر شکیل احمد رومشو، ڈاکٹر بشارت نبی ڈار، ڈاکٹر شکیل احمد کھنڈے، ڈاکٹر محمد یونس بٹ، ڈاکٹر عامر حسین ڈار، ڈاکٹر مظفر احمد ماچا اور ڈاکٹر منظور احمد راتھر شامل ہیں۔
یونیورسٹی کے مطابق IUST کی عالمی تحقیقی فہرست میں نمائندگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ 2024 میں ایک، 2025 میں چھ جبکہ 2026 میں سات سائنس دان اس فہرست میں شامل ہوئے، جو یونیورسٹی کے بڑھتے ہوئے تحقیقی اثرات اور عالمی سطح پر علمی شناخت کی عکاسی کرتا ہے۔
پروفیسر شکیل اے رومشو نے اس اعزاز کو یونیورسٹی کے لئے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے سائنس دانوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ IUST معیاری اور مؤثر تحقیق، بین الشعبہ جاتی تعاون، بیرونی مالی معاونت اور قومی و بین الاقوامی اشتراک کے ذریعے تحقیقی ماحول کو مزید مضبوط بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔


