سری نگر، 5 اکتوبر:
فیضان پنجابی
وادیٔ کشمیر میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی اور صبح کے وقت سردی بڑھنے کے پیشِ نظر، والدین نے اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے موجودہ اوقاتِ کار میں ترمیم کرنے اور کلاسوں کا وقت صبح 9 بجے کے بجائے 10 بجے سے مقرر کرنے کی اپیل کی ہے۔
والدین کا کہنا ہے کہ صبح کے وقت شدید سردی کے باعث خاص طور پر چھوٹے بچوں کے لیے وقت پر اسکول پہنچنا مشکل ہو رہا ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ موسم کی تبدیلی اور درجہ حرارت کی مسلسل گراوٹ کے دوران اوقاتِ کار میں تبدیلی سے بچوں کو کافی راحت ملے گی۔ یہ مطالبہ ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن جموں کی جانب سے حال ہی میں جموں ڈویژن کے اسکولوں کے اوقات میں کی گئی تبدیلی کے بعد سامنے آیا ہے، جو 1 اکتوبر سے نافذ العمل ہے۔ اس فیصلے کے تحت سمر زون (گرمیوں والے علاقوں) کے اسکول صبح 9 سے دوپہر 3 بجے تک، جبکہ ونٹر زون (سردیوں والے علاقوں) کے اسکول صبح 9:30 سے سہ پہر 3:30 بجے تک چلائے جا رہے ہیں۔ والدین نے اب کشمیر کے تعلیمی حکام سے بھی بدلتے ہوئے موسم بالخصوص صبح کی سردی کو مدنظر رکھتے ہوئے موجودہ اوقات کا جائزہ لینے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے حکام سے درخواست کی ہے کہ اسکولوں کا وقت صبح 10 بجے طے کیا جائے تاکہ اسکول جانے والے بچوں کو شدید سردی کی وجہ سے درپیش مشکلات سے بچایا جا سکے


