جنگ نیوز
سرینگر/ مرکزی سکریٹری توانائی پنکج اگروال نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں پن بجلی کے شعبے کو وسعت دینے کے لئے ساولکوٹ سمیت نئے منصوبے زیر غور ہیں، جبکہ جاری منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔
سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رتلے، پاکل ڈول، کیرو اور کوار پن بجلی منصوبوں پر اچھی پیش رفت ہورہی ہے۔ یہ منصوبے نہ صرف جموں و کشمیر کی بجلی کی ضروریات پوری کریں گے بلکہ ملک کے دیگر حصوں کو بھی بجلی فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ چناب ویلی پاور کارپوریشن لمیٹڈ کے ذریعے مرکزی حکومت یو ٹی انتظامیہ کے تعاون سے ان منصوبوں پر کام کررہی ہے اور مستقبل میں مزید منصوبوں پر بھی غور کیا جائے گا۔
وزیرِاعظم سوریہ گھر مفت بجلی یوجنا کے حوالے سے پنکج اگروال نے بتایا کہ ملک بھر میں تقریباً 50 لاکھ افراد اس اسکیم سے وابستہ ہوچکے ہیں، جبکہ جموں و کشمیر نے 100 میگاواٹ کا پہلا ہدف حاصل کرلیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرینگر، بڈگام اور کپواڑہ میں اسکیم کی پیش رفت حوصلہ افزا ہے، جبکہ بارہمولہ اور بانڈی پورہ میں مزید کوششوں کی ضرورت ہے۔ مرکزی سبسڈی کی ادائیگی کا نظام پورٹل کے ذریعے چل رہا ہے اور مستحقین کو رقوم کی منتقلی میں کوئی بڑی رکاوٹ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یو ٹی کی اضافی سبسڈی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کا معاملہ چیف سکریٹری کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔
سیوا سیتو ابھیان کیمپ کا دورہ
مرکزی وزارتِ بجلی کے سیکریٹری، شری پنکج اگروال نے آج سری نگر میں "پی ایم سوریا گھر مفت بجلی یوجنا” کے تحت منعقد کیے جانے والے "سیوا سیتو ابھیان” کیمپ کا دورہ کیا۔
شری اگروال نے کیمپ میں قائم مختلف اسٹالز اور ہیلپ ڈیسکس کا معائنہ کیا اور اس اسکیم سے متعلق خدمات فراہم کرنے والے وینڈرز (فراہم کنندگان) سے بات چیت کی۔
کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (KPDCL) کے منیجنگ ڈائریکٹر، شری محمود احمد شاہ نے سیکریٹری کو خطے میں "پی ایم سوریا گھر مفت بجلی یوجنا” کے نفاذ اور چھت پر لگنے والے سولر (روف ٹاپ سولر) سے متعلق خدمات تک عوام کی رسائی کو آسان بنانے کے لئے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔
"سیوا سیتو ابھیان” کیمپ کا مقصد عوامی رابطے کو مضبوط بنانا، شہریوں پر مرکوز خدمات کی فراہمی کو آسان بنانا اور "پی ایم سوریا گھر مفت بجلی یوجنا” کے تحت روف ٹاپ سولر کے فوائد کے بارے میں شہریوں میں بیداری پیدا کرنا ہے۔


