جنگ نیوز ڈیسک
سرینگر/نیشنل کانفرنس کے چیف ترجمان اور MLA زڈی بل تنویر صادق نے گنڈن پارک راجباغ میں 8ویں سرینگر ضلعی سب جونیئر، جونیئر و سینئر گیمز چیمپئن شپ کے فاتحین میں تمغے اور اسناد تقسیم کیں۔ انہوں نے کہا کہ معذور افراد کو تعلیم، روزگار، ہنرمندی، مالی معاونت اور کھیلوں میں مساوی مواقع فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ وہ خود کفیل اور بااختیار بن سکیں۔تنویر صادق نے عمر عبداللہ حکومت کی جانب سے معذور افراد کے لیے سرکاری ٹرانسپورٹ میں مفت سفر کی سہولت کا خیرمقدم کیا، جس کے تحت JKRTC اور جموں و سرینگر اسمارٹ سٹی کی ای بسوں میں مفت سفر کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کھیلوں کو معذور افراد میں اعتماد اور خود انحصاری کے فروغ کا اہم ذریعہ قرار دیتے ہوئے مزید تربیتی سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کی فراہمی پر زور دیا۔


