جنگ نیوز
جنیوا/اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 63ویں اجلاس میں بھارتی غیر سرکاری تنظیم شیوی ڈیولپمنٹ سوسائٹی نے شہری آزادیوں اور جمہوری شرکت کے موضوع پر زبانی بیان پیش کیا۔ بیان نریندر کمار نے دیا۔
بیان میں پاکستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں انسانی حقوق اور شہری آزادیوں کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ جون سے خطے میں سرکاری کارروائیوں اور کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
تنظیم نے الزام عائد کیا کہ مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال، گرفتاریوں اور سخت حفاظتی اقدامات کے ذریعے عوامی اختلاف رائے کو دبایا جا رہا ہے، جبکہ ڈیجیٹل پابندیوں اور دیگر اقدامات سے شہری آزادیوں کو محدود کیا گیا ہے۔
بیان میں انسانی حقوق کے کارکنوں اور پُرامن مظاہرین پر مبینہ پابندیوں کے ساتھ خطے میں معاشی مشکلات، مہنگائی اور بے روزگاری کی جانب بھی توجہ مبذول کرائی گئی، جنہیں عوامی بے چینی کی اہم وجوہ میں شمار کیا گیا۔


