جنگ نیوز
جموں و کشمیر بینک اور مشن یواوا کے تحت ’بگ ویک مہم‘ کے دوران 3100 سے زائد نوجوان کاروباری افراد کو قرضے جاری کیے گئے۔ اس سلسلے میں بینک کے مرکزی دفتر میں اختتامی تقریب منعقد ہوئی، جس کی مشترکہ صدارت جے اینڈ کے بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر و چیف ایگزیکٹو آفیسر امیتاوا چٹرجی اور حکومت کے سیکریٹری محکمہ محنت و روزگار و ریونیو کمار راجیو رنجن نے کی۔
تقریب میں ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ و مشن یواوا کے مشن ڈائریکٹر ہرویندر سنگھ، بینک کے اعلیٰ افسران اور جموں و کشمیر بھر کے زونل و کلسٹر سربراہان نے شرکت کی۔
کمار راجیو رنجن نے کہا کہ جے اینڈ کے بینک مشن یواوا کے آغاز سے ہی اس کا اہم شراکت دار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر قرض محض مالی لین دین نہیں بلکہ نوجوانوں کو باعزت روزگار، کاروبار اور بہتر مستقبل کی جانب لے جانے کا ذریعہ ہے۔
امیتاوا چٹرجی نے حکومت اور بینک کے درمیان مؤثر تعاون کو مشن یواوا کی کامیابی کی بنیادی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ صرف کاروباری ادارے قائم کرنا کافی نہیں، بلکہ ان کی پائیداری اور توسیع بھی ضروری ہے۔ انہوں نے افسران کو نوجوان کاروباری افراد کی مسلسل رہنمائی اور معاونت یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
ہرویندر سنگھ نے بتایا کہ مشن یواوا کے تحت اب تک تقریباً 1750 کروڑ روپے کے قرضے جاری کیے جاچکے ہیں، جبکہ صرف ’بگ ویک مہم‘ کے دوران جے اینڈ کے بینک نے 3100 سے زائد قرضے جاری کیے۔
بینک کے جنرل منیجر سنجے گپتا نے بتایا کہ اب تک تقریباً 36 ہزار معاملات منظور کیے گئے ہیں اور قریب 32 ہزار نوجوان کاروباری افراد کو قرضے فراہم کیے جاچکے ہیں۔


