جنگ نیوز ڈیسک
سرینگر/ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ دفعہ 370 اور 35A کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر اور لداخ میں امن، ترقی اور مساوی مواقع کا نیا دور شروع ہوا ہے۔
ایکس پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم مودی نے کہا کہ 5 اگست 2019 کا فیصلہ جموں و کشمیر اور لداخ کی ترقی کی راہ میں ایک تاریخی سنگِ میل ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات برسوں میں بنیادی ڈھانچے، تعلیم، صحت، کھیل، صنعت کاری اور روزگار کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، جبکہ خواتین اور محروم طبقات کو بھی مکمل آئینی حقوق حاصل ہوئے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اس سال کی برسی ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کی 125ویں یومِ پیدائش کے باعث مزید اہمیت اختیار کر گئی ہے اور حکومت جموں و کشمیر، لداخ اور وکست بھارت کے عزم پر کاربند ہے۔
وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ دفعہ 370 کی منسوخی نے دونوں مرکزی علاقوں میں امن، ترقی اور مساوی مواقع کے ایک نئے دور کی بنیاد رکھی ہے، جبکہ ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کے قومی یکجہتی کے وژن کو عملی تعبیر ملی ہے۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر اور لداخ میں عوامی فلاح، شفاف طرزِ حکمرانی، سرمایہ کاری، سیاحت اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع میں مزید اضافہ کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو ترقی، خوشحالی اور وکست بھارت کی تعمیر میں بھرپور کردار ادا کرنے کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
دفعات کی منسوخی سے دہشت گردی میں 95 فیصد کمی
نئی دہلی/ مرکزی حکومت نے کہا ہے کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے واقعات 2018 کے 228 سے کم ہو کر 2025 میں 12 رہ گئے، جبکہ 2023 سے اپریل 2026 تک کسی منظم بند کی کال نہیں دی گئی۔
مرکز کے مطابق جموں و کشمیر میں 80 ہزار کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، 9.8 لاکھ سے زائد افراد کو روزگار اور خود روزگاری سے جوڑا گیا، جبکہ 2024 میں ریکارڈ 3.2کروڑ سیاحوں کی آمد درج کی گئی۔ بیان میں کہا گیا کہ چناب ریل پل، USBRL، سونمرگ ٹنل، وندے بھارت ٹرین اور دیگر منصوبوں نے رابطہ سہولیات کو مضبوط بنایا، جبکہ تقریباً 890 مرکزی قوانین کے نفاذ سے جموں و کشمیر کو ملک کے دیگر حصوں کے مساوی آئینی ڈھانچہ حاصل ہوا۔


