جنگ نیوز ڈیسک
پلوامہ/ تنہا ایاز/ نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ، سماجی خدمت اور عوامی فلاح و بہبود کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے کے اعتراف میں وادیٔ کشمیر کے معروف سماجی کارکن اور بھائی گاڑیہ جی فاؤنڈیشن کے سیکریٹری گرمیت سنگھ ولد کلونت سنگھ، ساکن نانر ترال ضلع پلوامہ، کو باوقار”انڈیا اچیورز ایوارڈ 2026″ سے سرفراز کیا گیا۔ یہ اعزاز جموں رائٹرز کلب میں اے بی ایم کے زیرِ اہتمام اور شیر کشمیر کلچرل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی جموں و کشمیر کے اشتراک سے منعقدہ "انڈیا اچیورز ایوارڈز 2026” کی تقریب کے دوران پیش کیا گیا، جہاں تعلیم، سماجی خدمات اور دیگر مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو اعزازات سے نوازا گیا۔
ضلع پلوامہ کے ترال سے تعلق رکھنے والے معروف سماجی کارکن گرمیت سنگھ کو عوامی فلاح سماجی بہبود اور خدمتِ انسانیت کے شعبے میں مسلسل اور نمایاں خدمات کے اعتراف میں اس قومی اعزاز سے نوازا گیا۔ ان کی کامیابی پر وادیٔ کشمیر کے سماجی، کھیل، صحافتی اور عوامی حلقوں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں دلی مبارکباد پیش کی۔ضلع پلوامہ کے معروف کرکٹر ارشد ماگرے نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ یہ اعزاز نہ صرف گرمیت سنگھ کی انتھک سماجی خدمات کا اعتراف ہے بلکہ ضلع پلوامہ اور پوری وادیٔ کشمیر کے لیے بھی باعثِ فخر ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ گرمیت سنگھ گزشتہ کئی برسوں سے بھائی گاڑیہ جی فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم کے ذریعے سماجی خدمت، کھیلوں کے فروغ، فلاحی سرگرمیوں، مستحق افراد کی امداد اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سرگرمِ عمل ہیں۔ "انڈیا اچیورز ایوارڈ 2026” ان کی بے لوث خدمات، عوامی فلاح کے لیے مسلسل کاوشوں اور انسان دوستی کے جذبے کا قومی سطح پر اعتراف قرار دیا جا رہا ہے۔


