مہناز
نیوز ڈیسک
سرینگر/نئی دہلی/وادی کشمیر کی اردو صحافت کے لئے باعثِ افتخار لمحہ اس وقت آیا جب روزنامہ سرینگر جنگ کے سینئر نامہ نگار عادل سلام کو نئی دہلی میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران e4m Urdu Journalism 40 Under 40 Award سے نوازا گیا۔ Exchange4media کی جانب سے ہر سال دیا جانے والا یہ باوقار اعزاز ملک بھر کے نمایاں نوجوان اردو صحافیوں کو ان کی پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں عطا کیا جاتا ہے۔
عادل سلام نےصحافتی ڈگری مکمل کرنے کے بعد22-2021 میں روزنامہ سرینگر جنگ سے اپنے صحافتی سفر کا آغاز کیا جو آج تک رواں دواں ہے۔ مختصر عرصے میں اپنی محنت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور معیاری رپورٹنگ کے بل بوتے پر وہ ادارے میں متعدد اہم ذمہ داریاں انجام دیتے ہوئے سینئر نامہ نگار کے منصب تک پہنچے۔
یہ اعزاز روزنامہ سرینگر جنگ کی قومی سطح پر مسلسل حاصل ہونے والی کامیابیوں کی ایک اور کڑی ہے۔ اس سے قبل 2023 میں اخبار کے مدیرِ اعلیٰ بلال بشیر بٹ کو بھی e4m Urdu Journalism 40 Under 40 Award سے نوازا جا چکا ہے، جبکہ 2024 میں نئی دہلی میں منعقدہ میڈیا فیڈریشن آف انڈیا (MFI) کی سالانہ تقریب میں انہیں بہترین علاقائی اخبار کے اعزاز سے بھی سرفراز کیا گیا۔

روزنامہ سرینگر جنگ نے اردو صحافت میں جدت طرازی کی روایت بھی قائم کی ہے۔ 17 جولائی 2022 کو اخبار نے وادیٔ کشمیر میں پہلی مرتبہ اپنی خبروں کے ساتھ QR کوڈ متعارف کرایا، جس کے ذریعے قارئین پرنٹ ایڈیشن سے ہی متعلقہ ویڈیوز اور تفصیلی ڈیجیٹل مواد تک براہِ راست رسائی حاصل کرنے لگے۔ اس منفرد اقدام کو اردو پرنٹ صحافت میں جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کی ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ e4m Urdu Journalism 40 Under 40 Award کے لئے امیدواروں کا انتخاب ممتاز اردو صحافیوں، ادیبوں، شعرا اور موضوعاتی ماہرین پر مشتمل ایک باوقار جیوری سخت جانچ اور کئی مراحل پر مشتمل انتخابی عمل کے بعد کرتی ہے، جس کے باعث اسے ملک کے معتبر ترین اردو صحافتی اعزازات میں شمار کیا جاتا ہے۔


