جنگ نیوز
بارہمولہ/ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں پولیس نے 21 سالہ خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی، واقعے کی ویڈیو ریکارڈ کرنے اور متاثرہ کو دھمکیاں دے کر خاموش رکھنے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
SSP بارہمولہ گُریندر پال سنگھ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ متاثرہ خاتون نے 25 جولائی کو پولیس اسٹیشن بارہمولہ میں شکایت درج کرائی کہ 3 جولائی کو جلسھیری ڈرنگبل میں دو افراد نے مبینہ طور اس کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی اور واقعے کی موبائل فون پر ویڈیو بھی بنائی۔
انہوں نے بتایا کہ متاثرہ خاتون کی شکایت پر FIR درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں۔ متاثرہ ملزمان کو صرف "شاکر” اور "اشرف” کے نام سے جانتی تھی، جس کے باعث پولیس نے تکنیکی شواہد، خفیہ معلومات اور سائنسی تحقیقاتی طریقوں کی مدد سے ملزمان کی شناخت کر کے انہیں گرفتار کیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت شاکر احمد لون (22) اور محمد اشرف ڈار (27)، دونوں ساکنان جلسھیری، بارہمولہ کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے دعویٰ کیا کہ دورانِ تفتیش دونوں نے جرم میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا، جبکہ واقعے کی مبینہ ویڈیو بنانے میں استعمال ہونے والا موبائل فون بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
SSP نے کہا کہ مزید سائنسی، طبی اور ڈیجیٹل شواہد جمع کیے جا رہے ہیں اور قانون کے مطابق غیر جانبدارانہ اور تیز رفتار تحقیقات جاری ہیں۔


