نئی دہلی
امپلائز پروویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (EPFO) نے پرائیویٹ پی ایف ٹرسٹ چلانے والی کمپنیوں کو بڑی راحت دی ہے۔ ای پی ایف او نے ایسے اداروں کے لیے ایک مرتبہ کی رعایتی اسکیم “ایمنسٹی اسکیم-2026” شروع کی ہے۔ یہ اسکیم ان کمپنیوں کے لیے ہے جو اپنا خود کا پی ایف ٹرسٹ (Exempted PF Trust) چلا رہی ہیں، لیکن ان کے پاس حکومت کی جانب سے ضروری استثنیٰ (چھوٹ) کا باضابطہ نوٹیفکیشن موجود نہیں ہے۔
ای پی ایف او کے مطابق اس اسکیم کے تحت اہل اداروں کو ماضی کی تاریخ سے رعایت دی جائے گی۔ اس سے ٹرسٹ کی منظوری بحال ہوگی اور کئی معاملات میں بقایا رقم، جرمانہ، سود اور زیر التوا قانونی کارروائی سے بھی راحت مل سکتی ہے، بشرطیکہ ملازمین کو مقررہ ضوابط کے مطابق یا اس سے بہتر پی ایف شراکت اور سود ملا ہو۔
ایگزمپٹڈ پروویڈنٹ فنڈ ٹرسٹ کیا ہے؟
کچھ بڑی کمپنیاں حکومت سے خصوصی اجازت لے کر اپنے ملازمین کے پروویڈنٹ فنڈ کا انتظام اپنے ہی اندرونی (ان ہاؤس) ٹرسٹ کے ذریعے کرتی ہیں۔ انہیں ایگزمپٹڈ پی ایف ٹرسٹ کہا جاتا ہے۔ یہ ٹرسٹ ہر ماہ ملازمین اور کمپنی دونوں کے حصے کی شراکت اپنے پاس جمع کرتے ہیں اور حکومت کی طرف سے مقرر کردہ شرح کے مطابق جمع شدہ رقم پر سود بھی دیتے ہیں۔


