جنگ نیوز
جموں/: BJP کے قومی صدر نتن نبین نے کہا ہے کہ 2019 میں آرٹیکل 370 اور آرٹیکل 35A کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر کے عوام کو "حقیقی آزادی” ملی اور اب مرکز کے زیر انتظام علاقے میں امن، ترقی اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل قریب میں جموں و کشمیر میں بھی BJP کی حکومت قائم ہوگی۔
جموں کے مضافاتی علاقے مشری والا میں ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کی 125ویں یوم پیدائش کی تقریبات کے اختتام پر منعقدہ کاریہ کرتا سمیلن سے خطاب کرتے ہوئے نتن نبین نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں کیے گئے آئینی فیصلوں نے ڈاکٹر مکھرجی کے جموں و کشمیر کے مکمل انضمام کے خواب کو پورا کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج قومی ترنگا سرینگر کے لال چوک سمیت پورے جموں و کشمیر میں فخر سے لہرا رہا ہے، جبکہ ماضی میں اسے لہرانے کی اجازت نہیں دی جاتی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج جموں و کشمیر کے نوجوان پتھراؤ کے بجائے رنجی ٹرافی کے چیمپئن کے طور پر اپنی شناخت بنا رہے ہیں، جو خطے میں آنے والی مثبت تبدیلیوں کا ثبوت ہے۔
نتن نبین نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ تنظیم کو مزید مضبوط کریں اور مرکزی حکومت کی ترقیاتی اور عوامی فلاحی اسکیموں کو گھر گھر پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح جموں میں "کمل” کھل چکا ہے، اسی طرح جلد کشمیر میں بھی BJP اقتدار میں آئے گی۔


