جنگ نیوز ڈیسک
سری نگر/23؍جون 2026ء
محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ ( ڈِی آئی پی آر) کے کلچر یونٹ نے ’نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان‘ کے تحت اپنے عزم کو مزید مضبوط بناتے ہوئے پیر کے روز وومنز کالج ایم اے روڈسری نگر میں کالج اِنتظامیہ کے اِشتراک سے منشیات کے خلاف ایک جامع بیداری پروگرام منعقد کیا۔
اس پروگرام کا مقصد طالبات کو منشیات کے استعمال کے سنگین نتائج سے آگاہ کرنا اور انہیں ایک منشیات سے پاک اور صحت مند معاشرے کی تعمیر میں فعال کردار اَدا کرنے کی ترغیب دینا تھا۔ تقریب میں طالبات، اَساتذہ اور ڈی آئی پی آر کے کلچرل یونٹ کے افسران نے پُر جوش انداز میں شرکت کی۔
بیداری مہم کے حصے کے طور پر طالبات نے بصیرت افروز تقاریر پیش کیں جن میں منشیات کی لت سے پیدا ہونے والے بڑھتے ہوئے خطرات کو اُجاگر کیا گیا اور اس برائی کے خاتمے میں نوجوانوں کی ذمہ داری پر زور دیا گیا۔ مقررین نے معاشرے کو منشیات کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کے لئے شعور، ہوشیاری اور اجتماعی اقدامات کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
مہم میں تخلیقی رنگ بھرنے کے لئے تلکل آرٹس اینڈ میڈیا کلیکٹیو کے فنکاروں نے ایک مؤثر اور فکر انگیز سیٹج ڈرامہ پیش کیا جس میں منشیات کی لت کے افراد،کنبوں اور معاشروں پر تباہ کن اثرات کو اُجاگر کیا گیا۔ اپنی دلکش کارکردگی کے ذریعے فنکاروں نے نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان کا پیغام مؤثر انداز میں سامعین تک پہنچایا جس سے حاضرین وسامعین نے داد دے کر سراہا۔
اے اِی سی او ، کلچر ل یونٹ ڈی آئی پی آر سیّد شکیل شان نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کے استعمال کے خلاف جنگ معاشرے کے تمام طبقات کی متحدہ اور مسلسل کوششوں کی متقاضی ہے۔ اُنہوں نے اس مہم کی کامیابی کے لئے عوامی بیداری، کمیونٹی کی شمولیت اور نوجوانوں کی فعال شرکت کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔
پروگرام میں فعال شرکت اور قیمتی خدمات کے اعتراف میں طالبات کو اسناد اورمومنٹوز تحائف بھی پیش کئے گئے۔
کالج انتظامیہ نے ڈی آئی پی آر کے کلچرل یونٹ کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے طلبا میں منشیات کے نقصانات کے بارے میں شعور بیدار کرنے اور ذمہ داری و صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ کے لئے اس کی مسلسل کوششوں کی سراہنا کی۔


