جنگ نیوز ڈیسک
جموں و کشمیر حکومت نے جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں دہشت گردی اور ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں محکمہ بجلی (پی ڈی ڈی) کے ایک لائن مین کو ملازمت سے برطرف کر دیا ہے۔
سرکاری حکم نامے کے مطابق بجبہاڑہ کے رہائشی محمد شفیع ملک کو آئین ہند کے آرٹیکل 311(2)(ب) کے تحت نوکری سے فارغ کیا گیا۔ حکومت کے مطابق وہ 2016 سے ممنوعہ تنظیم لشکر طیبہ سے وابستہ تھا اور اس کے خلاف تین ایف آئی آرز سمیت سنگبازی کے دو مقدمات درج ہیں۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ 2017 میں اس کے گھر میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا تھا، جس میں تین دہشت گرد مارے گئے تھے۔ حکومت نے الزامات کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمانہ تحقیقات کے بغیر برطرفی کی کارروائی عمل میں لائی۔


