جنگ نیوز ڈیسک
سری نگر: دہلی پبلک اسکول (DPS) سری نگر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بین المدارس باسکٹ بال ٹورنامنٹ کا چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ وادی کے دس ممتاز اسکولوں کی شرکت والے اس ٹورنامنٹ میں DPS سری نگر ناقابل شکست رہا۔
ناک آؤٹ بنیادوں پر کھیلے گئے مقابلوں میں DPS نے پہلے مرحلے میں لائف اسکول بڈگام کو اور سیمی فائنل میں برلا اوپن مائنڈز پامپور کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔
فائنل میں DPS سری نگر نے سخت مقابلے کے بعد دون اسکول سری نگر کو 42۔39 سے ہرا کر ٹرافی اپنے نام کی۔ تقریب میں ڈویژنل اسپورٹس آفیسر سنٹرل، جاوید الرحمن (JKAS) مہمانِ خصوصی تھے، جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
اس موقع پر پرنسپل شفق افشاں نے کامیابی کو طلبہ کی محنت اور منظم تربیت کا نتیجہ قرار دیا، جبکہ چیئرمین وجے دھر نے کہا کہ کھیل نوجوانوں میں قائدانہ صلاحیت، ٹیم ورک اور استقامت پیدا کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔


