اننت ناگ:
سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بدھ کے روز پاکستان کے زیر انتظام کشمیر (پی او کے) میں پائیدار امن کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو بھی فوری طور پر ختم کرنے کی اپیل کی۔ اسی کے ساتھ انہوں نے جموں و کشمیر کو ریاستی درجہ بحال کرنے میں ہو رہی تاخیر پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے یہ خیالات اننت ناگ کے سرنل علاقے میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران ظاہر کیے۔ ڈاکٹر عبداللہ اج سابق وزیر مرحوم سید صفدر بیگ کی رہائش گاہ پر ان کی اہلیہ سے تعزیت پرسی کے لیے آئے تھے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عبداللہ نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام وقت کی اہم ضرورت ہے اور لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب بسنے والے عوام ایک پُرامن زندگی کے مستحق ہیں۔
اسی کے ساتھ انہوں نے عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی کشیدگی، خصوصاً ایران اور امریکہ کے درمیان تنازع کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسائل کا حل جنگ میں نہیں بلکہ بات چیت اور سفارت کاری میں مضمر ہے۔
جموں و کشمیر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ریاستی درجہ کی بحالی میں مسلسل تاخیر عوام کے لیے باعثِ تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگ اپنی جمہوری حقوق کی واپسی کے منتظر ہیں اور ریاستی درجہ کی جلد بحالی نہایت ضروری ہے تاکہ بہتر طرز حکمرانی اور مضبوط جمہوری نظام کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی درجے کی بحالی وزیر اعظم مودی کا دنیا سے کیا گیا وعدہ ہے، جسے پورا ہونے کا ہم انتظار کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر عبداللہ نے اس موقعے پر مرحوم سید صفدر بیگ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی عوامی خدمات کو یاد کیا اور سوگوار خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقعے پر پارٹی کے مقامی لیڈران، کارکنان اور بڑی تعداد میں مقامی لوگ بھی موجود تھے۔


