پلوامہ
جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے پائیر گاؤں میں گزشتہ رات ایک دو منزلہ رہائشی مکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے مکان کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آتشزدگی کے نتیجے میں مکان کی اوپری منزل اور چھت کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ گھر میں موجود سامان مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق آگ لگنے کی ابتدائی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔ رہائشی مکان کے قریب سے گزرنے والی بجلی کی ترسیلی لائن کو بھی ممکنہ سبب قرار دیا جا رہا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں بجلی کا بنیادی ڈھانچہ مضبوط نہ ہونے کی وجہ سے ایسے واقعات کا خدشہ برقرار رہتا ہے، خصوصاً اس گنجان آبادی والے علاقے میں۔
مقامی باشندوں نے بتایا کہ انہوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کی کوشش کی، جبکہ محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے اہلکار بھی فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور آگ پر قابو پا کر اسے دیگر رہائشی مکانات تک پھیلنے سے روک دیا۔
علاقہ مکینوں نے محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے محکمہ بجلی کے حکام سے مطالبہ کیا کہ علاقے کے بجلی ترسیلی نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے حادثات سے بچا جا سکے


