جنگ نیوز
امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے چند ہی گھنٹوں بعد اسرائیل نے لبنان کے مختلف علاقوں، بشمول دارالحکومت بیروت، پر شدید فضائی حملے کیے، جن میں کم از کم 254 افراد جاں بحق اور 1165 سے زائد زخمی ہوگئے۔
لبنان کی سول ڈیفنس اور وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیل نے ملک بھر میں 100 سے زائد فضائی حملے کیے، جن میں بیروت، بقاع وادی اور جنوبی لبنان کے کئی رہائشی اور تجارتی علاقے نشانہ بنے۔
لبنان کے وزیرِ صحت راکان نصرالدین نے اس صورتحال کو انتہائی خطرناک کشیدگی قرار دیتے ہوئے عالمی اداروں سے فوری طبی امداد کی اپیل کی ہے۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حملوں کا ہدف حزب اللہ کا انفراسٹرکچر تھا، جبکہ اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا کہ یہ لبنان میں شروع کی گئی نئی فوجی کارروائی کے بعد سب سے بڑا مربوط حملہ تھا۔
ٹرمپ نے لبنان میں اسرائیلی کارروائی کی حمایت کر دی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لبنان میں اسرائیل کی جاری فوجی کارروائی کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حزب اللہ حالیہ جنگ بندی معاہدے کا حصہ نہیں تھی، اس لیے لبنان میں اسرائیلی حملے اس معاہدے کے دائرے میں نہیں آتے۔
ایران نے آبنائے ہرمز دوبارہ بند کر دی
جنگ نیوز
لبنان پر اسرائیلی حملوں میں 100 سے زائد افراد کی ہلاکت کے بعد ایران نے جنگ بندی پر رضامندی کے 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں آبنائے ہرمز دوبارہ بند کر دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایران نے یہ اقدام اُس وقت اٹھایا جب امریکہ اور اسرائیل نے واضح کیا کہ دو ہفتوں کی جنگ بندی میں لبنان شامل نہیں ہے۔ اس پیش رفت کے بعد خطے میں کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے۔
آبنائے ہرمز کی بندش کو علاقائی سلامتی اور عالمی تیل سپلائی کے لیے نہایت اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ صورتحال پر عالمی سطح پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔
جنگ کے 40روز بعد دو ہفتوں کی جنگ بندی کا اعلان
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ اور ایران کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز سے بحری آمد و رفت کو محفوظ راستہ دیا جاتا ہے تو دونوں فریق عارضی جنگ بندی پر عمل کریں گے۔
ٹرمپ نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ یہ "دو طرفہ جنگ بندی” ہوگی اور ان کے مطابق امریکہ اپنے فوجی اہداف حاصل کر چکا ہے، جبکہ تنازع کے حل کی راہ بھی ہموار ہو رہی ہے۔
ادھر ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی کہا ہے کہ اگر ایران پر حملے روکے گئے تو تہران جنگ بندی پر آمادہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دو ہفتوں کے لیے آبنائے ہرمز سے محفوظ گزرگاہ فراہم کی جائے گی، جو ایرانی مسلح افواج کے تعاون اور تکنیکی حدود کو مدنظر رکھتے ہوئے ممکن بنائی جائے گی۔
اس پیش رفت کو مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کی اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے، تاہم صورتحال اب بھی نہایت حساس بنی ہوئی ہے۔
ہندستان نےجنگ بندی کا خیرمقدم کیا
جنگ نیوز
ہندستان نے بدھ کے روز مغربی ایشیا میں طے پانے والی جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ پیش رفت خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار کرے گی، ساتھ ہی حکومت نے اس بات پر زور دیا کہ جاری تنازع کے خاتمے کے لیے مسلسل سفارتی رابطہ اور بات چیت ناگزیر ہے۔
وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری ایک سرکاری بیان میں کہا گیا کہ ہندستان نے ہمیشہ کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کی حمایت کی ہے، اور یہی عناصر اس تنازع کے جلد اور پُرامن حل کے لیے بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ ہندستان کا ردِعمل اس کی وسیع تر سفارتی پالیسی کے مطابق ہے، جس کی بنیاد پرامن حل پر قائم ہے۔


