جنگ نیوز
جموں و کشمیر کے 17 امیدواروں نے باوقار آل انڈیا سول سروسز امتحان میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ اس امتحان کے نتائج جمعہ کے روز یونین پبلک سروس کمیشن (UPSC) نے جاری کیے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق جموں و کشمیر سے سوان شرما نے سب سے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آل انڈیا رینک 148 حاصل کی، جبکہ سگندھا گپتا نے رینک 207 حاصل کر کے دوسری نمایاں پوزیشن حاصل کی۔
جاری کردہ نتائج کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ سے تعلق رکھنے والے توصیف احمد گنائی نے رینک 254 حاصل کی، جبکہ رتیکا بھان نے رینک 456 حاصل کیا۔
رتیکا بھان ایک کشمیری پنڈت ہیں جن کا خاندان اس وقت جموں میں مقیم ہے، جبکہ ان کا آبائی علاقہ بٹپورہ، شوپیاں ہے۔ انہوں نے اس سے قبل جموں و کشمیر کمبائنڈ انٹرنس امتحان میں 17ویں رینک حاصل کی تھی اور کلسٹر یونیورسٹی جموں سے زولوجی میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے۔
جموں و کشمیر سے کامیاب ہونے والے دیگر امیدواروں میں سویاش راج شیوَم (رینک 572)، منیب افضل پراہ (رینک 581)، غلام مایا دین (رینک 683)، دوارکا گادھی (رینک 721)، آکاش جگی (رینک 747)، کوہِ صفا (رینک 763)، یاسر احمد بھٹی (رینک 811)، ابھیشیک کمار دھیاوانا (رینک 820)، پنکج کمار (رینک 856)، محمد اعجاز الرحمان (رینک 869)، اظہر آصف خان (رینک 886)، محمد سرفراز چوہدری (رینک 936) اور عرفان احمد لون (رینک 957) شامل ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر اور وزیر اعلیٰ کی مبارک مباد
جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کی جانب سے یو پی ایس سی سول سروسز امتحان 2025 میں کامیابی حاصل کرنے پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اپنے پیغام میں کہا کہ جموں و کشمیر کے امیدواروں کی یہ کامیابی خطے کے لیے باعث فخر ہے اور اس سے یہاں کے نوجوانوں کو اپنے خواب پورے کرنے کی ترغیب ملے گی۔
ادھر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی کامیاب امیدواروں کی محنت، لگن اور ثابت قدمی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی صلاحیتوں اور عزم کی عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان نوجوانوں کی کامیابی دیگر طلبہ کے لیے بھی حوصلہ افزا ثابت ہوگی اور وہ انہیں بلند مقاصد کے حصول کے لیے مزید محنت کرنے کی ترغیب دے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کامیاب امیدواروں کے لیے عوامی خدمت کے میدان میں روشن اور کامیاب مستقبل کی نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔


