جنگ نیوز ڈیسک
نئی دہلی/بھارتی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل امر پریت سنگھ نے کہا کہ آپریشن سندور میں پاکستان کے 5 جنگی طیارے اور ایک بڑا فوجی جہاز تباہ ہوا، جبکہ ریڈار، کمانڈ سینٹرز اور ایئربیسز کو نشانہ بنایا گیا۔
ان کے مطابق مرِید اور چکلالہ میں دو کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر، لاہور اور اوکاڑہ میں دو میزائل سسٹم، 6 ریڈار اور سکھر، بھولاری، جیکب آباد میں تین ہینگرز تباہ کیے گئے۔ جیکب آباد میں اس وقت ایف-16 طیارے اور ایک اے ای ڈبلیو اینڈ سی طیارہ موجود تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ایس-400 ایئر ڈیفنس سسٹم نے دشمن کے طیاروں کو بھارتی فضائی حدود سے دور رکھا اور یہ کارروائی مئی میں پاہلگام حملے کے جواب میں کی گئی، جس میں 26 شہری جاں بحق ہوئے تھے۔
ایئر چیف نے کہا کہ یہ آپریشن دنیا کو دکھانے میں کامیاب رہا کہ بھارت نے کیا حاصل کیا، جو بالاکوٹ کارروائی میں ممکن نہ ہو سکا تھا۔ انہوں نے قومی سلامتی مشیر اجیت دوول اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف کے کردار کو بھی سراہا۔
سنگھ کے مطابق سب سے بڑا سبق یہ ہے کہ فضائی جنگ ہی کسی بھی ملک کا پہلا اور فوری ردعمل ہے، جو کم وقت میں گہرائی تک حملہ کر کے ہدف حاصل کر سکتی ہے۔
اہم انکشافات
مرید اور چکلالہ کے 2 کمانڈ سینٹرز، 6 ریڈار اور لاہور، اوکاڑہ میں ایس اے جی ڈبلیو سسٹمز تباہ۔
سکھر یو اے وی، بھولاری اور جیکب آباد ایف-16 سمیت 3 ہینگرز نشانہ، ایک اے ای ڈبلیو اینڈ سی اور کئی ایف-16 تباہ۔
اس بار دنیا کو دکھایا کہ ہم نے کیا حاصل کیا، بالاکوٹ جیسا ابہام نہیں رہا۔
دشمن کی فوجی تنصیبات پر جوابی حملے کا فیصلہ، ان کے طیارے دفاع میں ناکام۔
ایس-400 کو گیم چینجر قرار، کارروائی میں کوئی سیاسی رکاوٹ نہیں۔


