جنگ نیوز ڈیسک
اونتی پورہ/سید حسن منطقی ریسرچ اکیڈمی اونتی پورہ کے زیر اہتمام آج "کربلا: انسانیت کی درسگاہ” کے عنوان سے ایک روزہ بین الاقوامی سیمینار کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس فکری و علمی نشست میں وادی کے ممتاز اسلامی اسکالرز، محققین اور دانشوروں نے شرکت کی اور واقعۂ کربلا کے مختلف تاریخی، اخلاقی اور انسان دوست پہلوؤں پر سیر حاصل گفتگو کی۔
مقررین نے امام حسین علیہ السلام کی قربانی کو عدل، حق اور انسانیت کے ابدی اصولوں کی سربلندی کا استعارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کربلا کا پیغام آج بھی ظلم و استبداد کے خلاف صدائے احتجاج اور دنیا بھر کے مظلوموں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
اس موقع پر جن علمی، سماجی اور فکری شخصیات نے اظہارِ خیال کیا ان میں اعجاز احمد ککرو، ڈاکٹر مقصود، غلام حسن طالب، انجینئر راہل قادری، ایڈوکیٹ جی این شاہین، پروفیسر ڈاکٹر نسرین ملک، شکیل قلندر، امداد ساقی، کفایت رضوی، مختار احمد تاترے، ڈاکٹر سبھی صفوی، شیخ فردوس علی، خلیل مسرور، ڈاکٹر جگندر سنگھ، ڈاکٹر فلپس اور ڈاکٹر مہجبین نبی شامل ہیں۔
سیمینار کے مختلف سیشنز کو شرکاء نے فکری بالیدگی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کی ایک مؤثر کوشش قرار دیا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ کربلا محض ایک تاریخی سانحہ نہیں، بلکہ یہ قیامِ حق، استقامت، صداقت اور اجتماعی شعور کی لازوال علامت ہے۔
یہ بین الاقوامی سیمینار ڈاکٹر توصیف احمد وانی، سربراہ سید حسن منطقی ریسرچ اکیڈمی، اونتی پورہ کی زیرِ قیادت نہایت کامیابی اور خوش اسلوبی سے اختتام پذیر ہوا۔


