سری نگر جنگ نیوز ڈیسک
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے آج مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی صدارت میں منعقدہ اعلیٰ سطحی سیکورٹی میٹنگ میں بذریعہ ورچیول موڈ شرکت کی۔ اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ چیف سیکرٹری اتل ڈولو، ڈی جی پی نلین پربھات،سپیشل ڈائریکٹر انٹلی جنس بیورو مہیش ڈِکشت، پرنسپل سیکرٹری داخلہ چندرکر بھارتی اور پرنسپل سیکرٹری محکمہ داخلہ جموںوکشمیر پنکج ٹھاکر ،جوائنٹ ڈائریکٹر آئی بی بھی راج بھون سری نگرمیں موجود تھے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ کی ہدایات پر پوری طرح عمل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے میٹنگ کے بعداَفسران کو ہدایت دی کہ وہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو بروقت ختم کرنے کے لئے ضروری اَقدامات کریں۔ اُنہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت کی بھی سراہنا کی اور دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کے عزم کا اعادہ کیا۔
یہ میٹنگ بھارتی مسلح افواج کی جانب سے کئے گئے ’’آپریشن سندور‘‘کے چند گھنٹے بعد منعقد ہوئی جس آپریشن نے پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ جموں کشمیر میں دہشت گردی کے ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا، جہاں سے ہندوستان پر حملے کی منصوبہ بندی کی جاتی رہی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر جموںوکشمیر یوٹی کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور سیکورٹی کی صورتحال کا باقاعدگی سے جائزہ لے رہے ہیں اور سرحدی دیہات اور دیگر علاقوں میں ضروری کارروائیوں کے لئے ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے پاکستان اور پاکستان کے زیر اِنتظام جموں و کشمیر میں دہشت گردوں کے نو ٹھکانوں پر ہندوستان کی تینوں مسلح افواج کے 24 میزائل حملوں کی سراہنا کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’آپریشن سندور‘ ‘ہماری بہادر افواج کے عزم کی شاندار مثال ہے اور اِس کارروائی کے ذریعے پہلگام دہشت گرد حملے میں شہید ہوئے 26 معصوم لوگوں کا بدلہ لیا گیا ہے۔
اُنہوں نے کہاکہ ’’ آپریشن سندور ‘‘ کے ذریعے بھارت نے یہ پیغام بھی دیا ہے کہ دہشت گرد کہیں بھی چھپے ہوں، ہماری بہادر مسلح اَفواج انہیں ڈھونڈ نکالیں گی اور انہیں ان کے گھناؤنے جرائم کی سزا دی جائے گی۔‘‘اُنہوں نے کہا،’’ لشکر طیبہ، جیش محمد جیسے دہشت گرد گروپوں کے تربیتی کیمپ جو دہائیوں سے ہندوستان میں معصوم اور بے گناہ لوگوں کا خون بہا رہے تھے، ، کو ہماری مسلح افواج کی توجہ سے مکمل طور پر تباہ کیا گیا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے آج صبح تمام سینئر اِنتظامی، پولیس اور تمام سرحدی اَضلاع کے ضلع ترقیاتی کمشنروںسمیت ضلعی اَفسران کے ساتھ جموں کشمیر یوٹی کے سرحدی اَضلاع کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔اُنہوں نے کہا ،’’ ہم ہر شہری کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے ۔‘‘
اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ حساس علاقوں سے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں اور ان کے لئے رہائش،قیام، خوراک، طبی سہولیات اور ٹرانسپورٹیشن کو یقینی بنائیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’حکومت ہر صورتحال سے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔ ہم ہر شہری کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔ پوری اِنتظامیہ، پولیس، نیم فوجی دستے اور مسلح افواج ایک ساتھ کام کر رہے ہیں۔ ہم چوکس، لیس اور مکمل تیار ہیں۔‘‘


