نیوز ڈیسک
سری نگر/لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج لوک بھون سری نگر میں’ یونیفائیڈ ہیڈکوارٹرز (یو ایچ کیو) ‘ میٹنگ کی صدارت کی اور جموںوکشمیر یونین ٹیریٹری میں سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔
میٹنگ میں جی او سی اِن سی ناردرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما،چیف سیکرٹری اَتل ڈولو،ڈی جی پی نلین پربھات، جی او سی چنار کور لیفٹیننٹ جنرل بلبیر سنگھ، جی او سی وائٹ نائٹ کور لیفٹیننٹ جنرل موہت سیٹھ،سپیشل ڈِی جی کوآرڈی نیشن پی ایچ کیو ایس جے ایم گیلانی،اے او سی جموں و کشمیر اور لداخ ،ایئر وائس مارشل آنند سونڈھی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ چندرکر بھارتی، اے ڈِی جی پی، سی آئی ڈی ایم کے سنہا،لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری گووند جیسوال کے علاوہ آرمڈ فورسز ، سی اے پی ایف، جموں و کشمیر پولیس، اِنٹلی جنس ایجنسیوں اور سول اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران نے شرکت کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے شری امرناتھ جی یاترا کے پُرامن اِنعقاد پر فوج، سی اے پی ایف، جموں و کشمیر پولیس اور اِنٹلی جنس ایجنسیوں کو مُبارک باد دِی۔اُنہوں نے کہا کہ ہمارے سیکورٹی اہداف کے حصول کے لئے حقیقی وقت میں باہمی تعاون ناگزیر ہے۔
اُنہوں نے کہا،’’دہشت گردوں کو ملنے والی لاجسٹک اور مالی معاونت کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لئے ایک مضبوط اور فول پروف جوابی حکمت عملی درآمد کیا جاناچاہیے اور ہمیں دراندازی کو روکنے اور اس کا مقابلہ کرنے کے لئے اَقدامات مزید تیز کرنے ہوں گے ۔ دہشت گردانہ ایکو سسٹم کے باقیات کو بے اثر کرنے کے لئے جاری ارہنے چاہئیں۔ باقی ماندہ عناصر کو ختم کرنے کے لئے آپریشنز جاری رہنے چاہئیں۔ ہمیں ان نیٹ ورکس کو سختی سے نشانہ بنانا چاہیے اور انہیںختم کرنا چاہیے جو لوگوں کو گمراہ کرنے اور اِنتہا پسندی کی طرف دھکیلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے سیکورٹی فورسز اور جموں و کشمیر پولیس کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کی آواز سن کر اور ان کے مسائل اورشکایات کا اَزالہ کرکے عوام کا اعتماد حاصل کریں۔
اُنہوں نے سرما کے دوران پولیس اور سیکورٹی ایجنسیوں کی آپریشنل تیاریوں کا بھی جائزہ لیا اور اُبھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لئے مسلسل چوکسی برتنے پر زور دیا۔


