جنگ نیوز ڈیسک
سرینگر/ نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ان کی جماعت نے جموں و کشمیر کے عوام کے حقوق، عزت و وقار اور جمہوری تشخص کے تحفظ کے لئے طویل جدوجہد کی ہے اور عوامی حمایت اس کی سب سے بڑی طاقت ہے۔
پارٹی ہیڈکوارٹر میں نو منتخب وزراء کے خیرمقدم کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی تحریک ناانصافی کے خلاف جدوجہد اور عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے عزم سے شروع ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت نے ۱۹۵۳ء، ۱۹۷۷ء، ۱۹۸۴ء اور ۱۹۹۰ء سمیت مختلف ادوار میں کئی سازشوں کا سامنا کیا، تاہم عوام کی حمایت سے ہر بار مضبوط ہوکر ابھری۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے اندر اختلافات پیدا کرکے اسے کمزور کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوئیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ جموں و کشمیر کے آئینی اور جمہوری حقوق کی بحالی، بالخصوص دفعات ۳۷۰ اور ۳۵ اے کی واپسی کے لئے جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک عوام کے حقوق بحال نہیں ہوتے۔
تقریب میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں، ارکانِ پارلیمان، کابینہ وزراء، ارکانِ اسمبلی اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔


