جنگ نیوز ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کی فلم و ٹیلی ویژن صنعت سے وابستہ فنکاروں، گلوکاروں، مصنفین، ہدایت کاروں، پروڈیوسروں، تکنیکی ماہرین اور آلات مالکان کا ایک اہم اجلاس سری نگر میں منعقد ہوا، جس میں مقامی تخلیقی برادری کو درپیش مشکلات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
شرکا نے ڈی ڈی سری نگر اور ڈی ڈی کشیر میں کمیشننگ اور اندرونِ خانہ پروڈکشن بند ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کے باعث بڑی تعداد میں مقامی فنکاروں اور تکنیکی ماہرین کے لئے روزگار کے مواقع محدود ہوگئے ہیں۔
اجلاس میں مشتاق علی احمد خان، ڈاکٹر عیّاش عارف، مشتاق بالا اور شہزاد رسول سمیت دیگر نمایاں افراد نے شرکت کی۔ شرکا نے پروگراموں کی آؤٹ سورسنگ کے لئے حالیہ مجوزہ بولی کے طریقۂ کار کی بھی مخالفت کی اور کہا کہ تخلیقی پروگراموں کا فیصلہ محض روایتی ٹینڈرنگ کے بجائے پیشہ ورانہ صلاحیت، فنی معیار اور نشریاتی اصولوں کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔
فلم و ٹیلی ویژن برادری نے مطالبہ کیا کہ مقامی فنکاروں اور تکنیکی ماہرین کے مفادات کے تحفظ کے لئے فوری مداخلت کی جائے اور ڈی ڈی سری نگر و ڈی ڈی کشیر میں کمیشننگ اور پروڈکشن کے مواقع بحال کیے جائیں۔
شرکا نے کہا کہ مقامی پروڈکشن کی بحالی سے نہ صرف سیکڑوں پیشہ ور افراد کے روزگار کے مواقع بحال ہوں گے بلکہ جموں و کشمیر کی ثقافتی شناخت، مقامی کہانیوں اور تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔


