جنگ نیوز ڈیسک
سرینگر، 30 جولائی: ڈویژنل کمشنر کشمیر انشول گرگ نے جمعرات کو ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پریم پورہ–ڈل گیٹ فلائی اوور، پنتھہ چوک فلائی اوور اور سری نگر رنگ روڈ کے پنتھہ چوک تا پانداچ حصے سمیت اہم سڑک منصوبوں کی پیش رفت اور الائنمنٹ کا جائزہ لیا۔
اجلاس میں پریم پورہ-ڈل گیٹ فلائی اوور کی مجوزہ الائنمنٹ، لاگت، ٹریفک پر اثرات اور شہری سہولیات سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا، جو منصوبے کا جامع جائزہ لے کر اپنی سفارشات پیش کرے گی۔
اجلاس میں پنتھہ چوک-پندرےتھن فلائی اوور کی تعمیر کو آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا، جبکہ پنتھہ چوک–پانداچ رنگ روڈ کی مجوزہ الائنمنٹ کا ازسرِ نو جائزہ لینے اور رہائشی علاقوں پر کم سے کم اثرات کو یقینی بنانے کے لئے NHAI کو مختلف تجاویز کا تقابلی مطالعہ کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔ علاوہ ازیں رنگ روڈ کو شیخ پورہ کے راستے ایئرپورٹ روڈ سے ملانے کے منصوبے پر BSF اور فضائیہ کو متعلقہ ایجنسی کے ساتھ مشترکہ مشاورت کی ہدایت دی گئی۔


