متحدہ عرب امارات:
ایک مرتبہ پھر امریکی فوج نے ایران پر حملہ کر دیا ہے۔ امریکی فوج نے بدھ کو کہا کہ اس نے ایران کے خلاف حملوں کا ایک اور دور شروع کیا ہے۔ واضح رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ تہران مذاکرات میں تعطل کی "قیمت ادا کرے گا”۔ امریکہ-ایران کے درمیان تازہ حملوں سے جنگ کے خاتمے کی کوششیں پٹڑی سے اترنے کا خطرہ ہے۔
یو ایس سینٹرل کمانڈ نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا ہے کہ فوج "ایران میں متعدد اہداف” پر حملہ کر رہی ہے، یہ حملے "ایران کی بلاجواز اور مسلسل جارحیت کے جواب میں کیے گئے۔ امریکی حملوں کا دوسرا دور بحرین، کویت اور اردن میں امریکی فوجیوں کی میزبانی کرنے والے تنصیبات پر ایرانی حملوں کے بعد شروع کیا گیا۔ اس ہفتے یہ تیسرا موقع ہے کہ دو ماہ کی جنگ بندی کے دوران لگاتار حملوں کا تبادلہ ہوا ہے۔ اسرائیل پر ایرانی حملوں کے کے بعد اس نے ایران پر فضائی حملے کیے اس کے بعد آبنائے ہرمز کے قریب ایک امریکی فوجی ہیلی کاپٹر تباہ ہو گیا جس کا الزام ٹرمپ نے اسلامی جمہوریہ پر عائد کیا تھا، اس کے ایک دن بعد بھی امریکہ کی جانب سے ایران پر حملہ کیا گیا تھا۔
ایرانی میڈیا نے بتایا کہ ملک کے جنوب میں بندر عباس، سرک اور مناب میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
ایران کی جوابی کارروائی:
ایران کی پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ خطے میں امریکی اڈوں پر حملے کیے گئے ہیں۔ تسنیم خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی آئی آر جی سی کا کہنا ہے کہ اس کی ایرو اسپیس فورس اور بحریہ نے خطے میں امریکی افواج کے خلاف بڑے حملے کئے ہیں۔
اس نے مزید کہا کہ ایران پر پہلے امریکی حملوں کے جواب میں شروع کیے گئے ان حملوں میں امریکی افواج کی میزبانی کرنے والے اڈوں پر 18 اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ ایران کئی ہفتوں کی شدید بمباری کے باوجود لچکدار ثابت ہوا ہے۔ ایران نے ایک مرتبہ پھر اہم آبی گزرگاہ آبنائے ہرمز کو بند کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایران کے اس دعوے کی تردید کی کہ آبنائے ہرمز بند ہے، اور کہا کہ تجارتی بحری جہازوں کی آمد و رفت جاری ہے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے ایلچی نے کہا کہ اگر امریکہ معاہدہ چاہتا ہے تو اسے طاقت کی دھمکیوں سے باز رہنا چاہیے۔
سفیر امیر سعید ایروانی نے بدھ کے روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بتایا کہ "ایران نے کبھی دھمکیوں اور دباؤ کے تحت بات چیت نہیں کی ہے اور نہ ہی وہ کبھی دباؤ یا سوال کے سامنے سرتسلیم خم کرے گا”.پھر بھی، ایسا لگتا ہے کہ دونوں ممالک تنازعہ کو ختم کرنے کا راستہ تلاش کر رہے ہیں۔
ایران نے آبنائے ہرمز کو بند کر دیا تیل کی قیمتوں میں اضافہ:
ایران کی جانب سے اہم آبی گزرگاہ آبنائے ہرمز کو بند کرنے کے اعلان کے ساتھ ہی تیل کی قیمتوں میں دو ڈالر فی بیرل سے زیادہ کا اضافہ ہو گیا۔ آبنائے ہرمز سے دنیا کے تقریباً 15 فیصد تیل کی ترسیل ہوتی ہے۔
برینٹ آئل کروڈ فیوچر 2.47 فیصد اضافے کے ساتھ 95.40 ڈالر فی بیرل جبکہ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کروڈ 2.89 فیصد اضافے کے ساتھ 92.63 ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔


