جنگ نیوز ڈیسک
سرینگر/صحافی، شاعر اور ڈرامہ نگار فیاض دلبر اتوار کی شام سرینگر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 68 برس تھی۔اطلاعات کے مطابق فیاض دلبر کو کچھ عرصے سے سینے کے عارضے لاحق تھے اور انہیں تقریباً رات آٹھ بجے شدید دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔ ان کی نمازِ جنازہ آج صبح دس بجےدرباغ، ہارون میں ادا کی جائے گی۔ وہ اپنے پسماندگان میں اہلیہ نسرین محسن (معروف مصورہ اور پرنٹ میکر) اور ایک بیٹے (آرکیٹیکچرل انجینئر) کو چھوڑ گئے ہیں۔
فیاض دلبر کا تعلق مہاراج گنج، سرینگر سے تھا۔ انہوں نے اپنے صحافتی کیریئر کا آغاز سرینگر ٹائمز سے کیا اور بعد میں 1980 کی دہائی کے اوائل میں امداد ساقی کے ساتھ مل کر کشمیر نیوز بیورو (KNB) کی بنیاد رکھی۔
بعدازاں وہ 1988 میں دہلی منتقل ہوئے، جہاں انہوں نے سنڈے آبزرور میں شمولیت اختیار کی اور بعد میں بصری (Visual) میڈیا کے شعبے میں بھی کام کیا۔ دہلی میں قیام کے دوران انہوں نے صحافت کے ساتھ ساتھ ادب، تھیٹر اور شاعری سے اپنی وابستگی کو مزید فروغ دیا اور ایک ہمہ جہت شخصیت کے طور پر یادگار وراثت چھوڑ گئے۔
ادارہ سرینگر جنگ محترم فیاض دلبر کے انتقال پران کے لواحقین کیساتھ گہرے دکھ کا اظہار اور مرحوم کی جنت نشینی کےلئے دعا کرتا ہے


